ریٹائرڈ ججزکی الیکشن ٹریبونل تعیناتی آرڈیننس کیخلاف درخواست، فریقین سے جواب طلب

لاہور : (دنیانیوز) لاہور ہائیکورٹ نے ریٹائرڈججز کی الیکشن ٹریبونل تعیناتی آرڈیننس کیخلاف درخواست پر فریقین سے جواب طلب کرلیا۔

لاہور ہائیکورٹ میں ریٹائرڈ ججز کو بطور الیکشن ٹربیونل تعینات کرنے والے الیکشن ترمیمی ایکٹ کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس شاہد کریم نے شہری منیر حسین کی درخواست پر سماعت کی ۔

ایڈووکیٹ اظہر صدیق نے کہا کہ الیکشن ترمیمی ایکٹ کا اطلاق ماضی سے نہیں ہو سکتا، وکیل درخواست گزار نے کہا کہ ایکٹ کے تحت بننے والے ٹریبونلز پر حکم امتناعی جاری کیا جائے۔

دائر درخواست میں مؤقف اختیارکیا گیا کہ ایک سیاسی جماعت کو ٹارگٹ کرنے کے لیے ترمیمی ایکٹ منظور کیا گیا، اسی نوعیت کا معاملہ لاہور ہائیکورٹ سمیت دیگر عدالتوں میں زیر سماعت ہے، عدالت سے استدعا ہے کہ الیکشن ترمیمی ایکٹ 2024 کو غیر قانونی قرار دے اور پرانے ٹربیونل بحال کرنے کا حکم دے۔

عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں