مطالبات کی منظوری تک دھرنا ختم نہیں ہوگا ، جماعت اسلامی کا دوٹوک اعلان

راولپنڈی: (دنیانیوز) امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ آج تاریخی دھرنے کا 9واں دن ہے، اس دھرنے سے لوگوں میں امید پیدا ہوئی ہے ، ہم اس سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے، اپنا حق لےکر یہاں سے اٹھیں گے۔

راولپنڈی میں دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ یہ دھرنا پاکستان کی تاریخ میں ایک موڑ ثابت ہوگا ، سیاسی عمل عوام کے مسائل کی بنیاد پر آگے بڑھ رہا ہے ، روزانہ کی بنیاد پر دھرنے میں لوگوں کا اضافہ ہورہا ہے ، انشااللہ آج کراچی میں دھرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا دھرنا عوام کی امیدوں کا ترجمان بن گیا ہے ،  دھرنے کے مطالبات خواہشات نہیں حقیقت پر مبنی ہیں، ہم اب دھرنے سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا  کہ بجلی کے بلوں سے لوگ انتہائی پریشان ہیں، میں جب قطر نماز جنازہ کے لیے روانہ ہوا تو ائیرپورٹ پر ایسے لوگ ملے جنہوں نے موٹر سائیکل بیچ کر بجلی کے بل ادا کیے۔

ان کاکہنا تھا کہ اضافی ٹیکس ، آئی پی پیز ، جن کا تعلق حکومت سے ہے ان کی کپیسٹی  پیمنٹ توابھی ختم ہوسکتی ہے ،عوام اضافی ٹیکسز ادا نہیں کریں گے ، غریب، مڈل کلاس اور تاجر سب پریشان ہیں ، چاول ،چینی اور آٹا پر سب ٹیکسز کو ختم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ یہ چاہتے ہیں کہ ذاتیات اورخاندان کی سیاست چلتی رہے، لیکن پاکستان میں نیا کلچر متعارف کرایا جارہا ہے اور ملک میں الیکٹیبلز کی سیاست ختم ہورہی ہے۔

حکومت کے ساتھ مذاکرات بارے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  مذاکرات کے  2ادوار ہوئے حکومت کے پاس ہماری کسی بات کا جواب نہیں، تین دن سے مذاکراتی کمیٹی تلاش گمشدہ کا اشتہار بنی ہوئی ہے، کوئی بات پوشیدہ نہیں ہوگی،تمام مذاکرات عوام کے سامنے ہونگے۔

حافظ نعیم نے مزید کہا کہ وزیراعظم ان کی بھتیجی اور بیوروکریٹس چھوٹی گاڑیوں میں  کیوں نہیں بیٹھ سکتے؟  1300سی سی گاڑی میں تو پلیٹ لیٹس کامسئلہ نہیں ہوتا، عوام حکومتی مراعات اپنے بلوں میں کیوں ادا کریں؟  حکومت کے پاس تنگ کرنے کا جوازنہیں ، ریلیف دینا ہوگا، قوم کے سامنے اپنی مراعات کم کرنے کا اعلان کیوں نہیں کرتے؟

امیرجماعت اسلامی  نے کہاکہ پاک ایران گیس پائپ لائن میں خلاف ورزی پر عالمی عدالت کا کوئی خوف نہیں، جومعاہدے ہی غلط ہوں اس کی خلاف ورزی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

 ان کاکہنا تھا کہ آج دھرنے کے شرکا واک کے ذریعے فلسطین سے اظہا ر یکجہتی کرینگے۔

واضح رہے کہ جماعت اسلامی کا بجلی کی زائد قیمتوں، آئی پی پیز اور مہنگائی و ٹیکسز کے خلاف راولپنڈی میں جاری دھرنا نویں روز میں داخل ہوگیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں