سندھ حکومت 2 لاکھ گھروں کو سولر سسٹم دے گی، مراد علی شاہ

کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ ہاؤس میں سولر ہوم سسٹم کے معاہدے کی تقریب سے خطاب میں مراد علی شاہ نے کہا کہ پہلے مرحلے میں 400 میگاواٹ بجلی پیدا کریں گے، چاہتے ہیں کہ لوگوں کو سستی بجلی فراہم کریں۔

وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ تمام سرکاری عمارتوں کو سولر سسٹم پر منتقل کیا جائےگا،34 سرکاری عمارتیں سولر پر منتقل ہوچکی ہیں، سندھ سولر انرجی پراجیکٹ ورلڈ بینک کے تعاون سے شروع کیا جارہا ہے، ورلڈ بینک اس پراجیکٹ پر 100 ملین ڈالر کی فنڈنگ کر رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کم آمدنی والے خاندانوں کو 80 فیصد سبسڈی پر سولر سسٹم ملےگا، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈگھرانوں کو پروگرام میں شامل کیا جائے گا جبکہ سولر سسٹم سے ایک پنکھا اور تین بلب جلائے جا سکیں گے، ہماری کوشش ہے کہ سیلاب متاثرین کے 20 لاکھ گھرانوں کو بھی سولر سسٹم دیں۔

وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ تین کمپنیاں اس سسٹم پر کام کر رہی ہیں، تمام کمپنیوں کے شرکاء کا خیرمقدم کرتا ہوں، اس وقت بجلی کا بحران زیادہ ہے، گرین پاورپلانٹ سے لوگوں کو سستی بجلی فراہم کریں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں