شدید طغیانی کا خدشہ: دریائے چناب کے ملحقہ علاقوں میں الرٹ جاری
اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے شدید طغیانی کے خدشہ کے پیش نظر دریائے چناب کے ملحقہ علاقوں میں الرٹ جاری کر دیا۔
الرٹ کے مطابق 18 اگست تک دریائے چناب کے بالائی علاقوں میں موسلادھار بارشیں متوقع ہیں جس سے دریائے چناب میں اونچے سے انتہائی اونچے درجے کے سیلابی ریلے کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے مرالہ، خانکی، قادر آباد سے ملحقہ دیہات سیلابی ریلے سے متاثر ہو سکتے ہیں، این ڈی ایم اے نے متعلقہ محکموں کو چوکس رہنے اور حفاظتی اقدامات کی ہدایت کر دی ہے۔
دریائے چناب میں پانی کی تازہ ترین صورتحال
محکمہ انہار کے مطابق دریائے چناب میں خانکی بیراج کے مقام پر اس وقت نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ کے مقام پر پانی کی آمد 1 لاکھ 65 ہزار 667 کیوسک اور اخراج ہیڈ 1 لاکھ 47 ہزار 868 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دریائے چناب میں خانکی بیراج پر پانی کی آمد 1 لاکھ 3 ہزار 222 کیوسک اور پانی کا اخراج 95 ہزار 108 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اس وقت دریائے چناب میں خانکی بیراج کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، ہیڈ قادر آباد کے مقام پر پانی کی آمد 73 ہزار 894 کیوسک اور پانی کا اخراج 55 ہزار 894 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔