گورنر پنجاب سے چودھری شافع حسین کی ملاقات، ٹیکنِیکل ایجوکیشن کے فروغ پر بات چیت
لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین نے ملاقات کی ہے۔
گورنر ہاؤس لاہور میں ہونے والی ملاقات میں پنجاب میں سرمایہ کاری اور ٹیکنِیکل ایجوکیشن کے فروغ پر بات چیت ہوئی، صوبائی وزیر نے گورنر پنجاب کو صوبے میں سرمایہ کاری اور ٹیکنِیکل ایجوکیشن کے فروغ کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔
گورنر پنجاب نے سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا، سلیم حیدر خان نے مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین کی خیریت بھی دریافت کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے گورنر سلیم حیدر خان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے نتیجہ خیز اقدامات اٹھائے گئے ہیں، پاکستان کا مستقبل فنی تعلیم کے فروغ سے وابستہ ہے، ٹیوٹا کے اداروں کی اپ گریڈیشن سے فنی تعلیم کے معیار میں بہتری آئے گی۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین نے کہا کہ ٹیوٹا کے اداروں کو مرحلہ وار پروگرام کے تحت اپ گریڈ کیا جا رہا ہے، پہلے مرحلے میں ٹیوٹا کے 5 کالجز اپ گریڈ کئے جا رہے ہیں۔
چودھری شافع حسین کا مزید کہنا تھا کہ چینی کمپنی پنجاب میں سولر پینلز مینوفیکچرنگ کا پلانٹ لگا رہی ہے، رواں سال کے آخر تک پنجاب میں سولر پینلز بننا شروع ہوجائیں گے۔