رواں ماہ پاکستان میں معمول سے 60 فیصد زائد بارشیں ریکارڈ

اسلام آباد: ( دنیا نیوز) ڈائریکٹر جنرل میٹ مہر صاحبزاد خان نے کہا ہے کہ رواں ماہ اگست میں پاکستان میں معمول سے 60 فیصد زائد بارشیں ہوئی ہیں۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی میٹ مہر صاحبزاد خان کا کہنا تھا کہ ملک میں مجموعی طور پر اگست میں 137فیصد بارشیں ہوئی ہیں، سندھ میں گزشتہ سالوں سے زیادہ بارش ہوئی ہے، سندھ میں اگست میں معمول سے 318 فیصد زیادہ بارشیں ہوئی ہیں، گلگت بلتستان میں 158،خیبر پختونخوا میں 25، پنجاب میں 111 فیصد زیادہ بارشیں ہوئیں، 2022 میں بھی سندھ اور بلوچستان میں زیادہ بارشیں ہوئی تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ مون سون سیزن ابھی شدت سے چل رہا ہے، کراچی کے سمندر میں کل سے ایک سائیکلون بنا ہے، تقریباً 60 سال کے بعد ایسا سائیکلون دوبارہ بنا ہے، سائیکلون کراچی کے مشرق میں 170 کلو میٹر دور ہے، آئندہ 6 گھنٹوں میں اس کی شدت ایک سمندری طوفان میں تبدیل ہو سکتی ہے۔

صاحبزاد خان کا کہنا تھا کہ اس سائیکلون کا اثر بلوچستان کے کچھ علاقوں تک بھی ہو سکتا ہے، سائیکلون کے اثرات کے پیش نظر بلوچستان میں بھی طوفانی بارشوں کا امکان ہے، رواں ماہ یہ اپنی نوعیت کا بہت شدید سائیکلون بنا ہے، ماہی گیر یکم ستمبر تک سمندر میں جانے سے گریز کریں۔

ڈی جی میٹ نے کہا کہ اگلے تین چار دن سائیکلون کی شدت برقرار رہے گی، 2 سے چار ستمبر تک ملک کے بالائی علاقوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے، کئی جگہوں پر موسلا دھار بارشوں کی توقع ہے، دریاؤں کے کیچمنٹ ایریاز میں پانی زیادہ آ سکتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں