ملکی مسائل کا حل کسی ایک جماعت کے پاس نہیں،مل کر کوششیں کرنا ہونگی:قمر زمان

گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ ملکی مسائل کا حل کسی ایک جماعت کے پاس نہیں، سب کو مل کر کوششیں کرنا ہوں گی۔

گوجرانوالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی بنیادی طور پر لوگوں کے مسائل حل کرنے کا نام ہے، جب پیپلز پارٹی بنائی گئی اس وقت مارشل لاء کا دور تھا، جب شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی اس وقت مل ٹوٹا تھا، شہید بھٹو نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر اس قوم کے حوصلے بلند کئے۔

انہوں نے کہا کہ آج پاکستان پھر سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کا شکار ہے، آج غریب اپنے گھر کا بل اور بچوں کی فیس ادا نہیں کرسکتا، جب پیپلزپارٹی اقتدار میں آتی ہے تو وہ مزدور سمیت ہر شخص کو اس کا حق ادا کرتی ہے، تحریک انصاف کی حکومت نے اس ملک کو کچھ نہیں دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس ملک کے مسائل کا حل کسی ایک جماعت کے پاس نہیں، تمام جماعتوں کو مل کر اس ملک کے لئے کچھ کرنا ہوگا، ہمیں آپس میں نہیں لڑنا ہمیں اس ملک کے لوگوں کے حقوق کے لیے لڑنا ہے، ہمیں مایوس نہیں ہونا، ہم نےمل کر مشکل وقت سے لڑنا ہے۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ہمیں ٹیکس ادا کرنا ہوں گے کیونکہ پاکستان کی آمدنی کم اور اخراجات زیادہ ہیں، دہشت گردی کے واقعات پر سیاست دانوں کی طرف سے غیر ذمہ دارانہ بیان دیئے گئے، جو مناسب نہیں۔

پی پی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان کا معاملہ طول پکڑ گیا ہے، بلوچستان پاکستان کی شہ رگ نہیں پاکستان ہی ہے، ہمیں بلوچستان کے مسائل کا حل بلوچستان کے اندر سے نکالنا ہے، نواز شریف اگر علاج معالجہ کیلئے باہر جاتے ہیں تو کوئی حرج نہیں، جس طرح نواز شریف کو ماضی میں بھیجا گیا تھا بس ویسے نہ جائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں