تحریک انصاف کی جلسے کیلئے تیاریاں عروج پر، پولیس نے راستے بند کرنا شروع کر دیئے
اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کا اسلام آباد سنگجانی میں 8 ستمبر کو پاور شو، جلسے کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں۔
مرکزی سٹیج کے لیے کنٹینرز پہنچا دیئے گئے، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب و دیگر رہنماؤں نے جلسہ گاہ کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔
دوسری جانب پولیس نے اسلام آباد داخلے کے مختلف راستے بند کرنا شروع کر دیئے، جی ٹی روڈ سنگجانی کے مقام پر کنٹینر لگا کر بند کر دی گئی، روات ٹی چوک پر بھی کنٹینرز پہنچا دیئے گئے۔
پولیس کی جانب سے ایکسپریس ہائی وے کو کھنہ پل کے مقام پر کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا، ایکسپریس ہائی وے کی بندش سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، ہائی وے بند ہونے سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔