بلوچستان میں انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحان 2024 کے نتائج کا اعلان، لڑکوں نے میدان مار لیا

کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے انٹر میڈیٹ سالانہ امتحان 2024 کے نتائج کا اعلان کر دیا۔

انٹر میڈیٹ امتحانات میں طلبہ کی کامیابی کی مجموعی شرح 93.9 فیصد رہی، انٹر میڈیٹ امتحانات میں 99 ہزار 887 طلبا و طالبات شریک ہوئے جن میں سے 93 ہزار 768 امیدوار کامیاب قرار پائے۔

بلوچستان بورڈ کے اعلامیہ کے مطابق فرسٹ ایئر کے سالانہ امتحان میں 46 ہزار 490 طلبہ شریک ہوئے، سیکنڈ ایئر کے سالانہ امتحان میں 53 ہزار 397 طلبہ نے شرکت کی۔

انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات میں لڑکوں نے پہلی دو پوزیشنز حاصل کر کے میدان مار لیا، محمد زاہد اور سجاد حسین نے 1050 نمبر لے کر بلوچستان بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔

اعلامیہ کے مطابق سلمیٰ محبوب نے 1049 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی، فرسٹ ایئر کے کامیاب طلبہ کی شرح 92.3 فیصد جبکہ سیکنڈ ایئر کے کامیاب طلبہ کی شرح 95.3 فیصد رہی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں