سندھ کے سرکاری سکولوں میں درسی کتب کی عدم فراہمی پر پی ٹی آئی کا اظہار تشویش

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے سندھ کے سرکاری سکولوں میں درسی کتابوں کی عدم فراہمی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

پی ٹی آئی سندھ کی جانب سے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو خط لکھ دیا گیا، جس میں کہا گیا ہے کہ سندھ کے کئی سرکاری سکولوں کے بچے تعلیم سے محروم ہیں، غریب والدین ہزاروں روپوں کی درسی کتب خریدنے پر مجبور ہیں، فوری طور پر سرکاری سکولوں کو درسی کتب فراہم کی جائیں۔

خط پی ٹی آئی سندھ کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری محمد رضوان نیازی نے لکھا، خط میں کہا گیا ہے کہ سندھ کے سرکاری سکولوں میں نصابی کتب کی شدید کمی کا مسئلہ ہے، والدین اور اساتذہ کی طرف سے شکایات موصول ہوئی ہیں۔

رضوان نیازی نے خط میں کہا کہ درسی کتابوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے بچوں کی تعلیم متاثر ہو رہی ہے، سکولوں میں فرنیچر کی کمی بھی ایک سنگین مسئلہ ہے، سرکاری سکولوں میں فرنیچر کی کمی کی وجہ سے طلبہ زمینوں پر بیٹھے ہیں۔

خط میں کہا گیا ہے کہ سیلاب کی وجہ سے سندھ کے کئی سکول زبوں حالی کا شکار ہیں، سندھ کے کئی سرکاری سکولوں کی عمارات کی حالت انتہائی خستہ ہو چکی ہے، مرمت اور دیکھ بھال کے فقدان کی وجہ سے سکولوں کی عمارتیں کھنڈر بن گئی ہیں، ایسی حالت میں تعلیم کا سلسلہ جاری خطرناک ہے۔

رضوان نیازی نے خط میں کہا کہ سندھ کے سرکاری سکولوں میں تعلیم کا ماحول بھی بُری طرح متاثر ہو رہا ہے، بہتر اور معیاری تعلیم کے لئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں