لاہورمیں بغیر لائسنس موٹرسائیکل سواروں کا داخلہ محدود کرنے کا فیصلہ

لاہور : (دنیانیوز) لاہور میں بغیر ہیلمٹ، بغیر لائسنس موٹرسائیکل سواروں اور ایل پی جی گیس سلنڈر والی گاڑیوں، رکشوں کا داخلہ محدود کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شہریوں کے محفوظ سفر کے لئے پرعزم ہیں، حادثات کے سدباب اور محفوظ سفر کے لئے مؤثر اقدامات جاری ہیں، شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر بغیر ہیلمٹ اور بغیر لائسنس موٹرسائیکل سواروں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا۔

ایل پی جی گیس سلنڈر استعمال کرنے والے رکشوں، پبلک سروس وہیکلز کے خلاف بھی کریک ڈاؤن ہو گا، راوی پل، سگیاں، ٹھوکر نیاز بیگ، بابوصابو، اڈا پلاٹ اور نواز شریف انٹرچینج پر نفری تعینات کر دی گئی، ہربنس پورہ، گجومتہ اور بھٹہ چوک سمیت 10 مقامات پر بھی نفری تعینات ہے۔

ابتدائی طور پر بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کا چالان کرکے شہر میں داخلہ کی اجازت دی جا رہی ہے، آئندہ ہفتے سے بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کا داخلہ محدود کر دیا جائے گا۔

سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر کا کہنا ہے ایل پی جی گیس استعمال کرنے والے رکشوں، ویگنوں کو بھی بھاری جرمانے کئے جا رہے ہیں، متعلقہ محکموں کے تعاون سے ایل پی جی گیس سلنڈر اتروا دئیے جائیں گے۔

سی ٹی او لاہور نے مزید کہا کہ ٹرانسپورٹرز کو انسانی جانوں سے ہرگز کھیلنے نہیں دیا جائے گا، بغیر لائسنس موٹرسائیکلوں کو فوری لائسنس بنوانے کی سہولت دی گئی ہے، سخت کریک ڈاؤن سے قانون شکن عناصر کی حوصلہ شکنی ہو گی، ہمارا مقصد چالان کرنا نہیں بلکہ شہریوں کو قوانین کا تابع بنانا ہے۔

سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر نے کریک ڈاؤن کے لئے ڈویژنل افسران و سرکل افسران کو احکامات جاری کر دیئے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں