15 اکتوبر کو احتجاج کی کال: پی ٹی آئی رہنماؤں کے گھروں پر چھاپے

اسلام آباد: (دنیا نیوز) 15 اکتوبر کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی اسلام آباد میں ڈی چوک پر احتجاج کی کال کے معاملے پر پولیس کی جانب سے مختلف شہروں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق رات گئے پی ٹی آئی رہنما راجہ بشارت کے گھر پر چھاپہ مارا گیا جبکہ سابق ایم پی اے وحید قاسم، عارف عباسی اور راشد حفیظ کے گھروں پر بھی چھاپے مارے گئے۔

ذرائع کے مطابق پولیس نے چھاپوں کے دوران 7 کارکنوں کو حراست میں لے لیا جبکہ قیادت روپوش ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ راولپنڈی میں دفعہ 144 کے تحت احتجاج یا ریلی کی اجازت نہیں ہے، ایس اسی او کانفرنس کے لئے راولپنڈی میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 15 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہونے والا احتجاج منسوخ کرنا بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات سے مشروط کر دیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں