مریم نواز نے غیرقانونی ہاؤسنگ سکیموں کی تفصیلات طلب کر لیں
لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ایل ڈی اے سے غیرقانونی ہاؤسنگ سکیموں کی تفصیلات طلب کر لیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیرصدارت خصوصی اجلاس ہوا، اجلاس میں ایل ڈی اے ڈویلپمنٹ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، غیرقانونی ہاؤسنگ سکیموں پر پلاٹ فائل بیچنے کی پابندی کی تجویز کا جائزہ بھی لیا گیا، ڈی جی ایل ڈی اے کو 15 دن کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔
اجلاس میں لاہور میں روڈز کے گڑھے پُر کرنے کیلئے ترقیاتی اداروں کو باہمی اشتراک کے ساتھ جامع پلان پیش کرنے کی ہدایت بھی کر دی گئی۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ کو لاہور شاپ اینڈ ڈراپ ٹرام وے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی، کریم بلاک تا موٹر وے خصوصی روڈ کی تعمیر کے پراجیکٹ کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی، داتا نگر فلائی اوور خستگی کے پیش نظر گرانے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا اور ایل ڈی اے روڈ نیٹ ورک ری سٹرکچرنگ پلان بھی پیش کیا گیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ 8.2 کلو میٹر طویل ٹرام کلمہ چوک، مین بلیوارڈ، حسین چوک، ایم ایم عالم روڈ، منی مارکیٹ اور دیگر علاقوں سے گزرے گی، 5 ٹرام بیک وقت چلائی جائیں گی، ہر سٹاپ پر ہر دو منٹ کے بعد ٹرام میسر ہو گی۔
سینیٹر پرویز رشید، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری، وائس چیئرمین ایل ڈی اے میاں مرغوب احمد، ایم پی اے ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری، پرنسپل سیکرٹری، سیکرٹری ہاؤسنگ، ڈی جی ایل ڈی اے اور دیگر ارکان نے اجلاس میں شرکت کی۔