قاضی فائز حملہ کیس : وزارت خارجہ کی لندن ہائی کمیشن کو قانونی کارروائی کی ہدایات

اسلام آباد:(دنیا نیوز)سابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور ان کی اہلیہ کو برطانیہ میں ہراساں کرنے کے معاملے پر وزارت خارجہ پاکستان نے لندن ہائی کمیشن کو قانونی کارروائی کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے وزارت خارجہ کو ہدایت کی ہے کہ تمام ملوث ملزمان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ لندن ہائی کمیشن ملزمان کو قرارواقعی سزا دلوانے کے لیے قانونی راستہ اختیار کرےگا۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو مڈل ٹیمپل کا بینچر بنانے کی تقریب کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے احتجاج کیا تھا۔

قاضی فائز عیسیٰ کے تقریب سے باہر نکلتے ہی پی ٹی آئی کارکنان نے ان کی گاڑی پر حملہ کیا، اور مکے برسائے۔ جبکہ احتجاج کرنے والے شرکا سے ذلفی بخاری، ملیکہ بخاری، اظہر مشوانی اور دیگر نے خطاب کیا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں