انتخابی عمل میں جینڈرزکی شمولیت کیلئے جامع فریم ورک کا اعلان
اسلام آباد:(دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے ملک میں انتخابی نظام میں جینڈرزکی شمولیت کے لیے جامع فریم ورک کا اعلان کردیا۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن کے مطابق جینڈر مین سٹریمنگ اینڈ سوشل انکلوژن فریم ورک2024ء سے 2028ء تک نافذ العمل ہوگا، یہ فریم ورک ایشیا پیسیفک خطے میں اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہے جو انتخابی عمل میں مکمل جینڈر اور سماجی شمولیت پر مرکوز ہے۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل جینڈر ونگ نگہت صدیق کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کا بنیادی مقصد خواتین، اقلیتوں، معذور افراد اور خواجہ سراء افراد کے لیے انتخابی عمل کو زیادہ سے زیادہ شمولیتی اور رسائی پذیر بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس فریم ورک میں انتخابی قوانین، پالیسیوں اور طرز العمل کے جائزے اور ترمیم کے اقدامات شامل ہیں، اکیڈمیا، پارلیمان، الیکشن کمیشن کے عملے اور خواتین کے سیاسی حقوق سے متعلق تنظیموں سے وسیع پیمانے پر مشاورت کی گئی ہے۔
نگہت صدیق کا کہنا تھا کہ یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان میں کل ووٹروں میں خواتین کی تعداد 46 فیصد ہے، الیکشن کمیشن کا مقصد اپنے انتظامی ڈھانچے میں جینڈر اور سماجی شمولیت کے اصولوں کو مضبوط کرنا ہے۔
دوسری جانب کنٹری ڈائریکٹر آئی ایف ای ایس شبیر احمد نے اس اہم اقدام پر الیکشن کمیشن کو مبارکباد پیش کی۔