جماعت اسلامی کا فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے29دسمبر کوملین مارچ کا اعلان
لاہور:(دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کےلیے 29دسمبر کوملین مارچ کا اعلان کردیا۔
منصورہ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہیں، اسرائیل کو امریکا کی پشت پناہی حاصل ہے، امریکا لاکھوں مسلمانوں کو قتل کرنے والا ملک ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ اب تک 45 ہزار فلسطینیوں کو اسرائیل قتل کر چکا ہے، امریکی نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو یہ قتل عام نظر نہیں آرہا، جماعت اسلامی فلسطینیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں عوام متحد ہوکر ملک کی بہتری کیلئے آگے بڑھیں، حکومت غیر قانونی اقدامات کرکے عوام کو تقسیم کررہی ہے، ملک کے خلاف کسی بھی قسم کی کوئی سازش قابل قبول نہیں،ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دی کہ صدارت سنبھالنے تک تمام اسرائیلی یرغمالیوں کو چھوڑ دیا جائے وگرنہ وہ قتل عام کریں گے جو قابل مذمت ہے۔
حافظ نعیم الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نے فیصلہ کیا ہے کہ ٹرمپ کے رویے کے خلاف اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کےلیے 29دسمبر کو اسلام آباد میں ملین مار چ ہوگا۔