پاکستان اور روس کے درمیان عالمی سلامتی، اسلحہ کنٹرول اور ایران کی صورتحال پر تبادلہ خیال
ماسکو(شاہد گھمن سے) روسی وزارتِ خارجہ کے نائب وزیر خارجہ سرگئی ریابکوف نے گزشتہ روز روس میں تعینات پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی سے ملاقات کی۔
روسی وزارتِ خارجہ کے مطابق ملاقات میں بین الاقوامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جس میں علاقائی اور عالمی سلامتی کے مسائل، اسلحہ کنٹرول اور جوہری عدم پھیلاؤ جیسے اہم موضوعات شامل تھے۔
بات چیت کے دوران اس صورتحال پر خاص توجہ دی گئی جو ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے غیر اشتعال انگیز جارحیت کے نتیجے میں پیدا ہوئی ہے، دونوں فریقین نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا اور عالمی امن و استحکام کے لئے اس کے ممکنہ اثرات پر بھی غور کیا۔
ملاقات میں اس بات پر زور دیا گیا کہ بین الاقوامی سطح پر مکالمے اور سفارتی رابطوں کے ذریعے تنازعات کے حل کو فروغ دیا جائے تاکہ خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔