پاک مصر مشق ’تھنڈر II‘ کامیابی سے مکمل، انسداد دہشتگردی تعاون مزید مضبوط
راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاکستان اور مصر کی افواج کے درمیان انسداد دہشتگردی پر مبنی مشترکہ فوجی مشق ’تھنڈر II‘ خیبر پختونخوا کے علاقے چراٹ میں کامیابی سے مکمل ہو گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 2 ہفتوں پر محیط اس مشق کا مقصد مشترکہ تربیت کے ذریعے پیشہ ورانہ مہارت، طریقہ کار اور آپریشنل تکنیک کو مزید بہتر بنانا اور دونوں افواج کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینا تھا۔
مشق میں پاک فوج کے اسپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی) اور مصری سپیشل فورسز کے دستوں نے بھرپور شرکت کی اور دورانِ تربیت اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
اختتامی تقریب میں سپیشل سروسز گروپ کے جنرل آفیسر کمانڈنگ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ مصری پیراٹروپرز کے کمانڈر میجر جنرل محمد سعد عبدالرازق اور مصر کے دفاعی اتاشی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
یہ مشترکہ مشق دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ اور مضبوط فوجی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم سنگِ میل ثابت ہوئی۔