پنجاب حکومت کی ایئر ایمبولینس سروس کے اخراجات بارے رپورٹ سامنے آگئی
لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی اجلاس میں پنجاب حکومت کی ایئر ایمبولینس سروس کے اخراجات، مریضوں کی منتقلی کا تفصیلی جواب جمع کرا دیا گیا۔
ایئر ایمبولینس کی کارکردگی سے متعلق رکن اسمبلی ندیم قریشی نے سوال کیا تھا، جواب میں بتایا گیا کہ ایئر ایمبولینس منصوبہ انتہائی نگہداشت کے مریضوں کی منتقلی کیلئے بنایا گیا۔
محکمہ ایمرجنسی سروسز نے اپنے جواب میں بتایا کہ صوبے میں اس وقت 2 ایئر ایمبولینسز فعال ہیں، ایئر ایمبولینسز رینٹل ایگریمنٹ کے تحت حاصل کی گئی ہیں۔
جواب میں بتایا گیا کہ مالی سال 24-2023 میں منصوبے پر کوئی اخراجات نہیں ہوئے، مالی سال 26-2025 میں ایئر ایمبولینس پر 1 ارب 50 لاکھ روپے خرچ کیے گئے۔
محکمہ ایمرجنسی سروسز نے جواب میں بتایا کہ ایئر ایمبولینس سروس کیلئے 3 میڈیکل افسران تعینات کیے گئے ہیں، تمام افسران بی ایس-17 گریڈ کے ڈاکٹرز ہیں۔
جواب میں بتایا گیا کہ یکم جنوری 2024 سے اب تک 254 مریضوں کو منتقل کیا گیا، منتقل کیے گئے تمام مریض انتہائی نگہداشت کے حامل تھے۔
محکمہ ایمرجنسی سروسز کے مطابق مریضوں کی منتقلی پر اب تک ایک ارب 63 کروڑ روپے خرچ ہوئے ہیں۔
محکمہ نے بتایا کہ مالی سال 26-2025 میں اب تک 5 کروڑ 80 لاکھ روپے خرچ کیے جا چکے ہیں، ایئر ایمبولینس سروس ریسکیو 1122 کے ماتحت کام کر رہی ہے۔