دورہ پاکستان کو انتہائی نتیجہ خیز قرار، ایرانی وزیر خارجہ مسقط روانہ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی وفاقی دارالحکومت سے مسقط روانہ ہوگئے، انہوں نے دورہ پاکستان کو انتہائی نتیجہ خیز قرار دے دیا۔

دورہ پاکستان کے حوالے سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی برادرانہ کوششیں خطے میں امن کیلئے قابل قدر ہیں۔

عباس عراقچی نے کہا کہ ایران نے پاکستان کے ساتھ ملاقاتوں میں جنگ کے مستقل خاتمے کیلئے قابل عمل فریم ورک پیش کیا۔

ایرانی وزیر خارجہ نے ایران پر جاری جنگ کے خاتمے کیلئے اپنا مؤقف واضح کر دیا اور کہا کہ دیکھنا ہوگا کہ کیا امریکہ واقعی سفارت کاری میں سنجیدہ ہے۔

عباس عراقچی نے کہا کہ ایران خطے میں پائیدار امن کیلئے سفارتی راستے کو اہمیت دیتا ہے، پاکستان کی امن کوششوں کو ایران نے سراہا، خطے میں کشیدگی کے خاتمے پر مشاورت جاری ہے۔

بعد ازاں پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی وفاقی دارالحکومت سے مسقط روانہ ہوگئے۔

ذرائع نے بتایا کہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور ان کا وفد نور خان ایئربیس سے واپس روانہ ہوا، اس موقع پر پاکستانی اعلیٰ حکام، ایرانی سفیر اور ایرانی سفارت خانہ کے عہدیدارو نے وفد کو الوداع کہا۔

ذرائع نے بتایا کہ ایرانی وزیر خارجہ عمان کے دارالحکومت مسقط کے بعد ماسکو کا دورہ کریں گے جہاں روسی حکام سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں