ہربنس پورہ حادثہ: 5 نوجوان جاں بحق، والدین کا پولیس کارروائی سے انکار
لاہور: (دنیا نیوز) ہربنس پورہ میں پیش آنے والے ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین نے پولیس کارروائی سے انکار کردیا، جس کے بعد علاقہ مجسٹریٹ کے احکامات پر لاشیں ورثا کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
لواحقین کے مطابق حادثے کے وقت گاڑی 18 سالہ جاوید ولد عبدالجمیل چلا رہا تھا، حادثے میں پانچ افراد جاں بحق جبکہ ایک بچہ زخمی ہوا، جس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔
لواحقین کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے نوجوان ایئرپورٹ پر اپنے رشتہ داروں کو سامان پہنچانے کے بعد واپس آرہے تھے، حادثے میں تین نوجوان گاڑی میں سوار تھے جبکہ دو افراد راہگیر تھے۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں سیالکوٹ کے رہائشی جاوید ولد عبدالجمیل، سبزہ زار کے رہائشی نعمان ولد زاہد اور فرقان ولد عباس شامل ہیں، فرقان اور نعمان چچا زاد بھائی تھے، لواحقین کے مطابق سیالکوٹ سے دو بھائی سبزہ زار بی بلاک میں واقع گھر مہمان آئے تھے، گاڑی میں سوار تینوں نوجوانوں کی عمریں 16 سے 18 سال کے درمیان تھیں۔
حادثے میں فتح گڑھ کا 18 سالہ راہگیر عبدالرحمان ولد رفیق اور تاج پورہ کا 35 سالہ محمد مزمل ولد صغیر بھی جاں بحق ہوئے، مزمل کی میت لواحقین کے حوالے کردی گئی ہے۔
دوسری جانب حادثے میں زخمی ہونے والا سیالکوٹ کا 11 سالہ ایان ولد کاشف سروسز ہسپتال میں زیر علاج ہے اور اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments