ملک میں ہفتہ وار مہنگائی میں 0.15 فیصد اضافہ، سالانہ شرح 9.11 فیصد ہوگئی

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق اگست 2026 کے دوسرے ہفتے کے دوران ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.15 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد سالانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح 9.11 فیصد تک پہنچ گئی۔

وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق 51 اشیائے ضروریہ میں سے ایک ہفتے کے دوران 20 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ، 9 کی قیمتوں میں کمی جبکہ 22 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران پیاز کی قیمت میں 24.68 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا، جبکہ چنے کی دال 3.35 فیصد اور مرغی 2.45 فیصد مہنگی ہوئی، ایل پی جی کی قیمت میں بھی 0.67 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ چائے، سرسوں کا تیل، دہی اور مسور کی دال بھی مہنگی ہونے والی اشیا میں شامل ہیں۔

سالانہ بنیاد پر ٹماٹر کی قیمت میں 143.77 فیصد کا غیر معمولی اضافہ ہوا، جبکہ پیاز 125.75 فیصد اور گندم کا آٹا 77.41 فیصد مہنگا ہوا۔

وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق ہفتہ وار بنیاد پر پیٹرول کی قیمت میں 2.35 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جو بڑی کمی قرار دی گئی ہے، ٹماٹر کی قیمت میں 1.26 فیصد، آلو 0.73 فیصد اور ڈیزل کی قیمت میں 0.29 فیصد کمی ہوئی۔ کیلے، مونگ کی دال، انڈے اور چینی بھی سستی ہونے والی اشیا میں شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ایک سال کے دوران ایل پی جی کی قیمت میں 55.41 فیصد، ڈیزل 34.05 فیصد اور پیٹرول کی قیمت میں 23.02 فیصد اضافہ ہوا، کیلے، مرچ پاؤڈر، مٹن اور بیف کی قیمتوں میں بھی دو ہندسوں کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

سالانہ بنیاد پر آلو کی قیمت میں 30 فیصد کمی ہوئی، جبکہ چینی 17.93 فیصد اور مرغی 17.45 فیصد سستی ہوئی۔ چنے کی دال، انڈوں اور مونگ کی دال کی قیمتوں میں بھی سالانہ بنیاد پر کمی ریکارڈ کی گئی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...