بھارتی حکام نے میرواعظ عمر فاروق کو ایک بار پھر گھر میں نظر بند کردیا
نئی دہلی: (دنیا نیوز) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں قابض حکام نے آل پارٹیز حریت کانفرنس (اے پی ایچ سی) کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق کو ایک بار پھر گھر میں نظر بند کردیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے جمعہ کے روز ایک بار پھر پابندی عائد کیے جانے پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ربیع الاول کے بابرکت مہینے کی آمد کے موقع پر انہیں دوبارہ گھر میں نظر بند کردیا گیا ہے۔
میر واعظ نے جمعہ کے روز بار بار عائد کی جانے والی پابندیوں کو قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر جمعہ کو اس طرح کی من مانی پابندیاں عائد کرنا انتہائی افسوسناک ہے، انہوں نے مقبوضہ وادی میں حالات معمول پر ہونے کے بھارتی دعوے پر بھی سوال اٹھایا۔
انہوں نے کہا کہ اگر حکام واقعی اپنے ہی بیان کردہ معمول کے حالات پر یقین رکھتے ہیں تو انہیں بار بار جامع مسجد جانے سے روکنے کی ضرورت کیوں پیش آتی ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ جب حکام خود اپنے بیانیے پر اتنا اعتماد نہیں کرتے کہ انہیں جامع مسجد جانے کی اجازت دی جائے تو پھر معمول کے حالات کے اس دعوے کی کیا حیثیت اور اعتبار باقی رہ جاتا ہے۔
دوسری جانب میر واعظ عمر فاروق نے مقبوضہ جموں و کشمیر سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کو ربیع الاول کے بابرکت مہینے کی آمد پر مبارکباد بھی پیش کی۔
انہوں نے کہاکہ ربیع الاول ایسا اہم موقع ہے جب مسلمان نبی کریم حضرت محمد ﷺ کی سیرت اور سنت سے اپنے تعلق کو مزید مضبوط کریں اور آپ ﷺ کے پیغامِ ایمان، رحمت، شفقت، عدل، حسنِ اخلاق اور انسانیت کی خدمت پر غور کریں۔
دریں اثنا جامع مسجد کی انتظامی تنظیم انجمن اوقاف نے اعلان کیا ہے کہ صدیوں پرانی روایت کے مطابق پیر 17 اگست، 3 ربیع الاول کو میر واعظ عمر فاروق سری نگر کے خواجہ بازار میں واقع تاریخی خانقاہ نقشبند صاحبؒ میں خصوصی خطاب کریں گے۔
انجمن اوقاف کے مطابق یہ خصوصی پروگرام خواجہ دگر کے موقع پر منعقد ہوگا اور اس کا وقت نمازِ ظہر سے نمازِ عصر تک مقرر کیا گیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments