دورہ برطانیہ کامیاب رہا، پاکستان سفارتی طور پر پہلے سے کہیں بہتر مقام پر ہے: اسحاق ڈار
لندن: (دنیا نیوز) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ برطانیہ کا دورہ انتہائی کامیاب رہا، دورے کے اہم ایجنڈا آئٹمز پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
اسحاق ڈار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالمی بحری تنظیم کے سیکرٹری جنرل سے اہم ملاقات ہوئی، ایم ٹی آنر 25 پر 10 پاکستانی بحری کارکنوں کی رہائی پر بات ہوئی، ایم ٹی آنر 25 پولاؤ میں رجسٹرڈ جہاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ بحری کارکنوں کی رہائی کے لیے عالمی اصولوں کے تحت حکمت عملی اپنائی، پاکستانی نژاد برطانوی ارکان پارلیمنٹ سے ملاقات انتہائی مثبت رہی۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور دولت مشترکہ کے درمیان بہترین تعلق ہے، سیکرٹری جنرل دولت مشترکہ سے نوجوانوں سمیت مختلف امور پر بات ہوئی، دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل سے اصلاحات کے ایجنڈے پر بھی بات ہوئی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ ملی بینڈ سے جامع ملاقات ہوئی، پاکستان برطانیہ تعلقات کے تمام اہم پہلوؤں پر بات چیت ہوئی، برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی دوطرفہ تعلقات کے لیے اہم اثاثہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کو نئی جہت تک پہنچائیں گے، برطانیہ کے قومی سلامتی کے مشیر سے مثبت ملاقات ہوئی، ملاقات میں امن و سلامتی سے متعلق امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
اسحاق ڈار کے مطابق برطانیہ کے قومی سلامتی کے مشیر نے امریکا، ایران ثالثی کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف کی، برطانوی حکام نے پاکستان کے سفارتی کردار کو سراہا۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ ثالثی کے لیے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کے کردار کو سراہا گیا، پاکستان کی معیشت اب مستحکم ہوچکی ہے، حکومت سنبھالنے کے بعد ملکی معیشت کو درست سمت میں گامزن کیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان آج سفارتی طور پر پہلے سے کہیں زیادہ بہتر مقام پر ہے، بھارت کے خلاف عظیم فتح سے پاکستان کا عالمی وقار بلند ہوا، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاکستان نے بھارت کا غرور خاک میں ملادیا۔
انہوں نے کہا کہ ترکی میں علاقائی فور کے اجلاس میں شرکت کروں گا، وزیراعظم ایس سی او اجلاس کے لیے کرغزستان جائیں گے، اگلے بارہ ماہ میں پاکستان ای سی او اور ایس سی او کی چیئرمین شپ سنبھالے گا۔
مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اسحاق ڈار نے کہا کہ مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں، بھارت نے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کیا، بھارت سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل نہیں کرسکتا، یہ عالمی قوانین اور معاہدے کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کی آبی جارحیت کو جنگ تصور کرے گا۔
افغانستان سے متعلق نائب وزیراعظم نے کہا کہ دورہ افغانستان میں افغان قیادت سے تفصیلی بات چیت ہوئی، افغانستان اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ افغانستان کے معاملے پر سعودی عرب، چین اور قطر کی کوششیں ناکام ہوئیں، پاکستان پرامن اور خوشحال افغانستان کا خواہاں ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments