اسلام آباد سفارتکاری کیلئے پھر مرکزِ نگاہ، اقتصادی تعاون تنظیم کے اجلاس کا آغاز
اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان کی میزبانی میں اقتصادی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے 30 ویں اجلاس کا اسلام آباد میں آغاز ہو گیا جہاں سیکریٹریز اور فوکل نمائندگان نے وزرائے خارجہ کے کل ہونے والے اجلاس کے ایجنڈے کو حتمی شکل دے دی۔
اقتصادی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ اجلاس میں علاقائی تجارت، توانائی، ٹرانسپورٹ اور وسطی ایشیا کو عالمی منڈیوں سے جوڑنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی زیر غور ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی خصوصی طور پر اجلاس میں شرکت کریں گے، جبکہ ترک جمہوریہ شمالی قبرص کے وزیر خارجہ تحسین ارطغرل اوغلو اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق تاجکستان اور ایران سمیت مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ اجلاس میں شریک ہوں گے، جبکہ کرغزستان اور قازقستان کی نمائندگی نائب وزرائے خارجہ کریں گے، ترکیہ کی جانب سے نائب وزیر خارجہ اجلاس میں شرکت کریں گے، افغان وزیر خارجہ کو اجلاس میں شرکت کی دعوت نہیں دی گئی۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اجلاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کریں گے، جبکہ ای سی او کے سیکرٹری جنرل اسد مجید خان اور رکن ممالک کے وزرائے خارجہ بھی اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔
اجلاس کے دوران رکن ممالک کے درمیان اقتصادی و تجارتی روابط کے فروغ، علاقائی رابطہ کاری، توانائی کے شعبے میں تعاون اور ٹرانسپورٹ کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے امور زیر بحث آئیں گے۔
خیال رہے کہ غیر ملکی وزرائے خارجہ کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات بھی متوقع ہے، جبکہ ان کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اقتصادی تعاون تنظیم کے 10 رکن ممالک اور تین مبصرین ہیں، پاکستان میں ہونے والے اس اجلاس کو خطے میں اقتصادی تعاون اور تجارتی روابط کے نئے مواقع تلاش کرنے کے حوالے سے اہم قرار دیا جارہا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments