چین اور پاکستان کا تعاون حقیقی معنوں میں ستاروں تک جا پہنچا: وزیراعظم

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین کے خلائی سٹیشن کا دورہ کرنے والے پہلے پاکستانی خلا باز کا سفر صرف ایک فرد کی کامیابی نہیں بلکہ 24 کروڑ پاکستانیوں کے خوابوں اور امنگوں کی عکاسی کرتا ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور خلائی تحقیق سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے 25 نومبر کو چین کے تیانگونگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے شینزو-24 مشن کی کامیاب روانگی پر چینی سفیر، چین کی قیادت اور عوام کو مبارکباد پیش کی، اس مشن کے ذریعے پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کو چین کے تیانگونگ خلائی سٹیشن لے جایا جا رہا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اپنے برادر ملک چین کا شکر گزار ہے جس نے پاکستانی خلا باز کو اس تاریخی خلائی مشن کا حصہ بننے کا موقع فراہم کیا۔

اس مشن کے نتیجے میں ایک پاکستانی چین کے خلائی اسٹیشن کا دورہ کرنے والا پہلا غیر ملکی خلا باز بن گیا ہے۔

وزیراعظم نے دونوں پاکستانی خلا بازوں کی تربیت کے لیے چینی اداروں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے سپارکو، تعلیمی اداروں، سائنس دانوں اور مسلح افواج کے کردار کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی پاکستان کے نوجوانوں کو چاند اور اس سے آگے کی منزلیں حاصل کرنے کے لیے متحرک کرے گی۔

انہوں نے چینی صدر شی جن پنگ کی قیادت اور دوراندیش وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین نے سائنس، ٹیکنالوجی اور خلائی تحقیق کے شعبوں میں نمایاں ترقی کی ہے اور انسانیت کے وسیع تر مفاد میں اپنا خلائی پروگرام دوست ممالک کے لیے بھی کھولا ہے۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان خلا کی پُرامن تحقیق اور استعمال کے لیے چین کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے سلسلے میں رواں سال ہونے والی تقریبات اور دیگر سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے چینی سفیر کے ذریعے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی چیانگ کے نام اپنے تہنیتی خطوط بھی بھجوائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...