گھریلو ملازمہ ہلاکت کیس، ملزمان کے جسمانی ریمانڈ پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں 13 سالہ گھریلو ملازمہ فاطمہ اصغر کی تشدد سے ہلاکت کے کیس میں ملزمان افشاں اور قاری علی کی اپیل پر سماعت ہوئی، عدالت نے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راجہ آصف نے کیس کی سماعت کی۔ پراسیکیوشن نے ملزمان کے مزید ایک روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ملزمان سے مزید تفتیش کرنی ہے اور ایک میموری کارڈ برآمد کرنا ہے۔

پراسیکیوٹرز کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیجز کا ٹرانسکرپٹ تیار کرنا باقی ہے، فوٹیجز کا جائزہ لے کر یہ بھی معلوم کرنا ہے کہ آیا کسی اور نے بھی بچی پر تشدد کیا تھا، خاتون ملزمہ کے گھر میں تقریباً 10 ملازمین ہیں جبکہ مرد ملزم قاری علی کا پولی گرافی ٹیسٹ بھی کروا لیا گیا ہے۔

وکیل صفائی نے موقف اختیار کیا کہ پراسیکیوشن کی جانب سے بتائی گئی وجوہات میں ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی کوئی ضرورت نہیں۔ عدالت سی سی ٹی وی فوٹیجز وائرل ہونے کا بھی نوٹس لے، فوٹیجز کیسے وائرل ہوئیں؟ یہاں ملزمان کا میڈیا ٹرائل کیا جا رہا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...