شیخ محمد بن راشد المکتوم نے حتا میں 1.4 ارب درہم کے پاور پلانٹ کا افتتاح کر دیا
دبئی: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے جمعرات کو حتا کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سیاحت کے فروغ، مقامی آبادی کے معیار زندگی میں بہتری اور نئے معاشی مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے جاری بڑے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر انہوں نے دبئی الیکٹریسٹی اینڈ واٹر اتھارٹی (دیوا) کے 1.4 ارب درہم کی لاگت سے تیار کردہ پمپڈ اسٹوریج ہائیڈرو الیکٹرک پاور پلانٹ کا افتتاح بھی کیا، جو خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) میں اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہے۔
شیخ محمد بن راشد نے حتا ماسٹر ڈیولپمنٹ پلان 2040 کے تحت جاری منصوبوں کا بھی جائزہ لیا، جن سے 2040 تک تقریباً 1.2 ارب درہم کے معاشی اثرات مرتب ہونے کی توقع ہے، یہ پروگرام 2021 میں دبئی اربن ماسٹر پلان 2040 کے حصے کے طور پر شروع کیا گیا تھا، جس میں سیاحت، ٹرانسپورٹ، رہائش، صاف توانائی اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کے شعبوں میں سرمایہ کاری شامل ہے۔
شیخ محمد بن راشد نے کہا کہ عوام پر سرمایہ کاری، ان کی صلاحیتوں میں اضافہ اور نئے مواقع پیدا کرنا پائیدار اور خوشحال مستقبل کی تعمیر کیلئے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے قابل اعتماد بنیادی ڈھانچے کی فراہمی، مقامی آبادی کو بااختیار بنانے اور مقامی صلاحیتوں و وسائل سے بہتر استفادہ کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ حتا دبئی کے اہم سیاحتی مقامات میں شامل ہے، جو اپنے قدرتی حسن اور بھرپور ثقافتی ورثے کے باعث منفرد مقام رکھتا ہے، جبکہ اس کی خصوصیات کو مزید ترقی دینے سے مقامی رہائشیوں کیلئے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
دورے کے دوران شیخ محمد بن راشد نے حتا کے رہائشیوں، کمیونٹی رہنماؤں اور کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں بھی کیں، جن میں مقامی ترقی، شہری سہولیات کی بہتری اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ سے متعلق تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا، بالخصوص نوجوانوں میں کاروباری صلاحیتوں کو فروغ دینے کے اقدامات بھی زیر بحث آئے۔
دبئی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل و چیئرمین مطر الطائر نے انہیں ماسٹر پلان کے اہم منصوبوں پر بریفنگ دی۔ ان منصوبوں میں حتا بیچ شامل ہے، جسے سیاحت، تفریح اور کاروباری سرگرمیوں کے ایک مربوط مرکز کے طور پر ترقی دی جائے گی۔
اس کے علاوہ حتا ڈسٹرکٹ منصوبے کے تحت حتا ہیریٹیج ولیج کے قریب ایک تجارتی مرکز بھی قائم کیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments