فلائی دبئی کا 3 دسمبر سے دبئی اور تل ابیب کے درمیان براہ راست پروازیں بحال کرنے کا اعلان
دبئی: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات کی فضائی کمپنی فلائی دبئی نے دبئی اور تل ابیب کے درمیان براہ راست پروازیں بحال کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد 3 دسمبر 2026 سے شروع ہونے والی پروازوں کیلئے بکنگ بھی دوبارہ کھول دی گئی ہے۔
ایئرلائن نے جمعرات کو تصدیق کی کہ متعلقہ حکام کی منظوری کے بعد دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور تل ابیب کے بن گوریون انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے درمیان فضائی آپریشن بحال کیا جا رہا ہے۔
پروازوں کی بحالی کا فیصلہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب ستمبر کے آخر میں پیش آنے والے ایک سکیورٹی واقعے کے بعد کمپنی نے اسرائیل کیلئے اپنی پروازیں معطل کردی تھیں۔
رواں ہفتے اسرائیل کی وزیر ٹرانسپورٹ میری ریگیو نے بھی ملک کے سکیورٹی حکام کی کلیئرنس سے مشروط فلائی دبئی کی واپسی کی منظوری دی تھی، اس سے قبل اسرائیلی وفد نے متحدہ عرب امارات کا دورہ کرکے فضائی سکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا تھا۔
فلائی دبئی نے 30 ستمبر کو پرواز ایف زیڈ 1073 سے متعلق پیش آنے والے سنگین سکیورٹی واقعے کے بعد اسرائیل کیلئے فضائی آپریشن روک دیا تھا، واقعے کے دوران طیارے کا رخ سعودی عرب کی جانب موڑ دیا گیا تھا، جہاں اس نے بحفاظت لینڈنگ کی۔
متحدہ عرب امارات کی پبلک پراسیکیوشن کی تحقیقات کے مطابق طیارے کے 29 سالہ عمانی معاون پائلٹ پر مبینہ طور پر دہشت گردی کی کارروائی کی کوشش کا الزام سامنے آیا تھا۔
متحدہ عرب امارات کے اٹارنی جنرل ڈاکٹر حمد سیف الشامسی نے واقعے کے حالات اور محرکات کا جائزہ لینے کیلئے خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دینے کا حکم دیا تھا۔
ایئرلائن کے مطابق دبئی اور تل ابیب کے درمیان پروازوں کی بکنگ فلائی دبئی کے آفیشل ذرائع سے دستیاب ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments