نوآبادیاتی پالیسیاں باعثِ زوال، مغرب شرائط مسلط کرنے کے بجائے مذاکرات کرے: سرگئی لاوروف
ماسکو: (شاہد گھمن) روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ یورپ اپنی متکبرانہ اور نوآبادیاتی طرز کی پالیسیوں کے باعث زوال کا شکار ہو رہا ہے، جبکہ مغربی ممالک کو دنیا پر اپنی شرائط مسلط کرنے کے بجائے مذاکرات کا راستہ اختیار کرنا ہوگا، روس تمام ممالک کے ساتھ باہمی احترام اور برابری کی بنیاد پر بات چیت کے لیے تیار ہے۔
گورچاکوف پبلک ڈپلومیسی فنڈ کے پروگرام ’مستقبل کے لیے مکالمہ‘ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے روسی وزیر خارجہ نے یورپ کی موجودہ صورتحال، یوکرین تنازع، مغربی ممالک کی پالیسیوں اور روس چین تعلقات سمیت متعدد اہم بین الاقوامی امور پر اظہار خیال کیا۔
سرگئی لاوروف نے کہا کہ ممکنہ شراکت دار کے ہمسایہ ممالک کے مفادات کو نظرانداز کرنا مغرب کی اس متکبرانہ اور نوآبادیاتی طرز کی پالیسی کا حصہ ہے جس پر وہ طویل عرصے سے عمل پیرا ہے۔
انہوں نے یورپی یونین کے سابق خارجہ پالیسی سربراہ جوزپ بوریل کے اس بیان کا حوالہ دیا جس میں انہوں نے یورپ کو ایک کھلتا ہوا باغ اور اس کے اردگرد کی دنیا کو جنگل قرار دیا تھا۔
لاوروف نے کہا کہ ممکن ہے کسی زمانے میں اس باغ میں سب کچھ کھلا ہوا ہو، لیکن ہر پھول بالآخر مرجھانے اور سڑنے لگتا ہے اور آج یورپ کی صورتحال بھی کچھ ایسی ہی ہے۔
روسی وزیر خارجہ نے یورپی عوام کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان پر ایسی اشرافیہ حکومت کررہی ہے جو اپنے ذاتی مفادات کو ترجیح دیتی ہے اور زمینی حقائق سے مکمل طور پر دور ہوچکی ہے۔
سرگئی لاوروف نے کہا کہ اگر یوکرین کا معاملہ نہ بھی ہوتا تو مغربی ممالک برابری اور باہمی مفادات پر مبنی تعاون کے معاہدوں سے دستبردار ہونے کے لیے کوئی دوسرا بہانہ تلاش کرلیتے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ سوویت یونین کے خاتمے کے بعد جب روس عالمی سطح پر اپنا آزادانہ کردار قائم کررہا تھا اور امریکا اور یورپی ممالک کے ساتھ معاہدے کررہا تھا تو مغرب نے بارہا روس کو دھوکا دیا۔
انہوں نے کہا کہ روس اور نیٹو کے درمیان مشترکہ کونسل قائم کی گئی تھی، جبکہ روس اور یورپی یونین کے درمیان وسیع پیمانے پر روابط استوار کیے گئے تھے، تاہم مغربی ممالک نے یہ تمام تعلقات محض اس بنیاد پر ختم کردیے کہ ان کے خیال میں روس کو اپنے جائز مفادات کا دفاع کرنے کا حق حاصل نہیں تھا۔
روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکا، یورپ اور دنیا کے دیگر خطوں میں ان کے اتحادی کہیں غائب نہیں ہونے والے، تاہم انہیں دوسرے ممالک کو یہ بتانے کے بجائے مذاکرات کرنا ہوں گے کہ وہ کس طرح زندگی گزاریں، کس کے ساتھ دوستی کریں اور کس پر پابندیاں عائد کریں۔
لاوروف نے کہا کہ روسی عوام ماضی میں بھی مختلف آزمائشوں کا سامنا کرتے رہے ہیں، آج بھی مشکلات کا مقابلہ کررہے ہیں اور مستقبل میں بھی ایسا کرنے کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ روس تمام ممالک کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہے، تاہم بات چیت باہمی احترام، شائستگی اور برابری کی بنیاد پر ہونی چاہیے۔
سرگئی لاوروف نے کہا کہ یوکرین میں روس کی خصوصی فوجی کارروائی کے آغاز کے بعد مغربی ممالک کے عزائم کھل کر سامنے آگئے ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ یورپی ممالک روزانہ اپنے عسکری منصوبوں کا اعلان کررہے ہیں، جنگ کی تیاری کررہے ہیں اور یوکرین میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ بھی کررہے ہیں۔
روسی وزیر خارجہ کے مطابق یورپی ممالک جنگ بندی کے بعد تنازع کا طویل مدتی حل تلاش کرنے کے بجائے یوکرین میں اپنے فوجی دستے تعینات کرنا اور فوجی اڈے قائم کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یورپی ممالک انہی منصوبوں کے ساتھ روس، امریکا اور یوکرین کے درمیان جاری مذاکرات میں بھی شمولیت کا مطالبہ کررہے ہیں۔
سرگئی لاوروف نے یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ روس اور امریکا سمیت دیگر ممالک کے رہنماؤں کی توہین کرنا ان کی پہچان بن چکا ہے۔
انہوں نے یوکرین میں جنگ بندی کے بعد کثیرالقومی فوجی دستوں کی تعیناتی کے یورپی منصوبے پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ یورپی ممالک آخر کس چیز کو مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔
لاوروف نے کہا کہ یوکرینی قیادت مسلسل روسی مفادات کو تسلیم کرنے سے انکار کررہی ہے اور نیٹو کی رکنیت کے مطالبے پر بھی قائم ہے۔
روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ 2003 سے اب تک روس متعدد رعایتیں دے چکا ہے اور کئی معاہدے بھی کرچکا ہے، تاہم ان کے بقول مغربی ممالک اب بھی یوکرین کو اپنے ناقابل حصول مقاصد کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں۔
سرگئی لاوروف نے روس اور چین کے درمیان تعلقات کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین کے شہر شین ژین میں منعقدہ ایشیا پیسیفک اقتصادی تعاون تنظیم (ایپک) کے سربراہی اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی اہمیت ایک مرتبہ پھر سامنے آئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ روس اور چین کے درمیان مؤثر تعاون نے بالخصوص روس، چین اور امریکا کے درمیان پہلی سہ فریقی سربراہی ملاقات کے انعقاد میں اہم کردار ادا کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments