ایڈوبی فوٹو شاپ نے اپنا پہلا جنریٹوو اے آئی ٹول پیش کر دیا

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک ) تصاویر ایڈیٹ کرنے والے دنیا کے مشہور سافٹ ویئر، ایڈوبی فوٹوشاپ نے اپنا پہلا جنریٹوو اے آئی ٹول پیش کر دیا ہے جو تخلیق کاروں کے گھنٹوں بچا کر ان کی تصاویر میں چار چاند لگا سکتا ہے۔

مصنوعی ذہانت (آرٹیفشل انٹیلی جنس یا اے آئی) کی بدولت ٹیکسٹ لکھنے سے فوری طور تصویر یا اس کے کسی ایک پہلو کا اضافہ ہو جاتا ہے، تاہم ابھی اس کا بی ٹا ورژن ریلیز کیا گیا ہے جو ظاہر ہے کہ باضابطہ طور پر ایپ کا حصہ نہیں بنا ہے۔

کمپنی کے مطابق سال کے آخر تک یہ ٹول عام استعمال کے لئے پیش کر دیا جائے گا۔

ایڈوبی نے اسے ’جنریٹوو فِل‘ کا نام دیا ہے جو ایک کلک سے دن کے منظر کو رات میں بدل سکتا ہے، فی الحال یہ سبسکرائبر کو آزمائش کیلئے دیا گیا ہے جبکہ دیگر ٹولز کے مجموعے کو ’فائرفلائی‘ کا نام دیا گیا ہے، اس میں 20 اقسام کی تصاویر اور ان میں اے آئی کے اثرات کے نمونے بھی پیش کئے گئے ہیں۔

اگر تصویر میں ایک پھول ہے تو چند کلک سے آپ مزید پھول کا اضافہ کر سکتے ہیں، اسی طرح ایک منظر میں عمارات شامل کی جا سکتی ہیں، ایک تصویر میں بوڑھے شخص کے ہاتھ میں مویشیوں کو پکڑنے والا کوڑا ہے جسے پاستہ میں تبدیل کیا گیا ہے، اسی طرح دیگر اہم اجزا کو بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں