لنڈا یاکارینو نے مسک کی جگہ ’ ٹوئٹر باس ‘ کا عہدہ سنبھال لیا

کیلی فورنیا : ( ویب ڈیسک ) سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کی نئی چیف ایگزیکٹو آفیسر ( سی ای او ) لنڈا یاکارینو نے اپنا عہدہ سنبھال لیا۔

رپورٹس کے مطابق ایلون مسک نے 12 مئی کو اعلان کیا تھا کہ کمپنی کی نئی سی ای او چھ ہفتوں میں عہدہ سنبھالیں گی تاہم انہیں اس سے قبل ہی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔

ٹوئٹر نے یہ بھی اعلان کیا کہ کمپنی نے این بی سی یونیورسل سے جوئے بیناروچ کو بھرتی کیا ہے جو کاروباری کاموں پر توجہ مرکوز کریں گے، انہوں نے اس سے قبل فیس بک اور انسٹاگرام کی پیرنٹ کمپنی میٹا میں بھی کئی سالوں تک کام کیا ہے۔

یاد رہے کہ ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک نے پچھلے سال کہا تھا کہ وہ چیف ایگزیکٹو کے عہدے سے استعفیٰ دے دیں گے جب انہیں ’ کوئی اتنا بے وقوف مل گیا کہ وہ عہدہ سنبھال لے ‘۔

اس کے بعد مسک نے ایک ٹوئٹر پول کے ذریعے لوگوں سے رائے مانگی تھی کہ کیا انہیں استعفیٰ دینا چاہئے جس پر 57.5 فیصد لوگوں نے ہاں میں ووٹ دیا تھا۔

علاوہ ازیں ایلون مسک نے کہا ہے کہ وہ پلیٹ فارم کے ساتھ منسلک رہنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق ایلون مسک اب ٹوئٹر کے ایگزیکٹو چیئرمین اور چیف ٹیکنالوجی آفیسر کے طور پر کام جاری رکھیں گے۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں