ہسپتال میں انوکھی شادی، آئی سی یو شادی ہال میں تبدیل ہوگیا

لکھنؤ :(دنیا نیوز) بھارتی شہر لکھنؤ کے ایک ہسپتال کا انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) آخری سانسیں لیتے والد کی خواہش پوری کرنے کیلئے شادی ہال میں تبدیل ہوگیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق لکھنؤ میں واقع ہسپتال کے آئی سی یو میں شادی کی انوکھی تقریب ہوئی اور اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، لکھنؤ چوک کے رہائشی محمد اقبال کی بیٹیوں کی شادی قریب تھی لیکن بد قسمتی سے تشویشناک حالت کے باعث انہیں ہسپتال میں داخل کرنا پڑا۔

رپورٹس میں بتایا گیا کہ اپنے والد کی اس مشکل کو دیکھتے ہوئے اہلِ خانہ نے بڑا فیصلہ کیا اور شادی کی تقریب ہسپتال میں ہی منتقل کردی، محمد اقبال کے آئی سی یو میں داخل ہونے کے باوجود ان کی بیٹیوں کی شادی کی تقریبات ان کے سامنے ہی منائی گئیں، ایرا میڈیکل کالج کے ڈاکٹروں کے تعاون سے ایک قاضی صاحب نے آئی سی یو میں ہی نکاح پڑھایا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس میں مزید بتایا گیا کہ اس موقع پر کافی جذباتی مناظر دیکھنے کو ملے،والد سے محبت اور احترام کے اس عمل نے بہت سے دلوں کو متاثر کیا اوراہل خانہ کا یہ عمل خاندانی بندھنوں کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے، بیٹیوں کا اپنے والد کی دعاؤں کے ساتھ آگے بڑھنے کا فیصلہ ان کے خاندانی رشتوں کی مضبوطی اور ایک دوسرے کے ساتھ وابستگی کی گہرائی کو ظاہر کرتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں