نریندر مودی نے لوک سبھا کے رکن کی حِیثیت سے حلف اٹھا لیا

نئی دہلی : (ویب ڈیسک ) اپوزیشن کے احتجاج کے درمیان بھارتی پارلیمنٹ کا پہلا اجلاس جاری ہے، تیسری بار منتخب ہونے والے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے لوک سبھا کے رکن کی حِیثیت سے حلف اٹھا لیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 18ویں لوک سبھا کے پہلے اجلاس میں وزیر اعظم نریندر مودی سمیت نو منتخب اراکین پارلیمنٹ بھی حلف اٹھائیں گے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق لوک سبھا کا یہ پہلا اجلاس طوفانی ہو سکتا ہے کیونکہ اپوزیشن 26 جون کو سپیکر کے انتخاب پر حکمراں جماعت بی جے پی کی زیرِقیادت این ڈی اے حکومت کو گھیرے میں لے سکتی ہے۔

یاد رہے کہ بھارت میں ہونے والے حالیہ عام انتخابات کے بعد 18ویں لوک سبھا کا یہ پہلا اجلاس ہے جس میں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (NDA) نے 293 سیٹیں حاصل کیں، انڈیا بلاک نے 234 اور کانگریس پارٹی نے ان میں سے 99 سیٹیں حاصل کی ہیں۔

واضح رہے کہ نریندر مودی نے بحیثیت بھارتی وزیرِ اعظم تیسری بار حلف 9 جون کو اٹھایا تھا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں