آصف مرچَنٹ بارے معلومات فراہم کی جائیں، امریکا کی پاکستان کو باضابطہ درخواست

اسلام آباد: (دنیا نیوز) امریکی سر زمین پر قتل کی منصوبہ بندی کے الزام میں گرفتار پاکستانی شہری آصف مرچَنٹ کے بارے میں مزید معلومات اکٹھی کرنے کیلئے امریکا نے پاکستان کو باضابطہ درخواست کردی۔

ذرائع کے مطابق آصف مرچَنٹ نے امریکی ہٹ مین کو دینے کیلئے 5 ہزار ڈالر پاکستان سے منگوائے تھے، اس بابت امریکی انٹیلی جنس نے اس رقم کے نیویارک بھیجے جانے، غیر ملکی دوروں اور پاکستانی رابطوں کی تفصیل مانگی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف مرچنٹ نے کراچی میں اپنے ماموں سے 5 ہزار ڈالر منگوائے، آصف مرچَنٹ نے سال 2015 سے سال 2024 تک ایران، عراق اور یمن کے کم ازکم 15 دورے کئے جبکہ وہ سال 2013، 2017 میں امریکا بھی جا چکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق آصف مرچَنٹ کے زیر استعمال 4 پاکستانی موبائل نمبروں اور ایک انٹرنیشنل نمبر کی تفصیلات حاصل کر لی گئی ہیں، کراچی میں آصف مرچَنٹ کے زیر استعمال 3 گاڑیوں اور ایک موٹر سائیکل کا ریکارڈ بھی مل گیا ہے، اس سلسلے میں مزید چھان بین جاری ہے۔

دوسری جانب آصف مرچَنٹ کے حوالے سے مقامی اداروں نے بھی تحقیقات شروع کر دی ہیں، آصف مرچَنٹ کا کراچی میں اب تک کوئی کریمنل ریکارڈ سامنے آیا ہے اور نہ ہی اس کے پاکستان میں کسی جرم میں ملوث ہونے کا پتا چلا ہے تاہم اس حوالے سے دیگر تحقیقاتی ادارے بھی معلومات حاصل کر رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں