برکینا فاسو: دہشت گرد تنظیم کا حملہ، 200 افراد ہلاک، 140 زخمی

برکینا فاسو: (ویب ڈیسک) مغربی افریقی ملک برکینا فاسو کے وسطی علاقے میں دہشت گرد تنظیم کے حملے کے دوران 200 افراد ہلاک اور 140 زخمی ہوگئے۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق حملے کی ذمہ داری القاعدہ سے منسلک مسلح تنظیم جماعت النصرت الاسلام و المسلمین نے تسلیم کرلی ہے، برکینا فاسو کے قصبے کایا سے 40 کلومیٹر دور واقع بارسالوگہو ریجن میں خون ریز حملہ کیا گیا، جس کے بارے میں ماہرین کا خیال ہے کہ یہ علاقہ دارالحکومت اوئیاگادوگو کی حفاظت کا آخری مقام ہے۔

رپورٹ کے مطابق مسلح گروپ نے سکیورٹی کے لئے خندقیں کھودنے والے افراد پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ہلاکتیں ہوئیں اور اس حملے کے بعد کئی فوجی جوان بھی لاپتہ ہیں جبکہ حملہ آوروں نے وہاں موجود فوج سے اسلحہ اور ایمبولینس بھی قبضے میں لے لی۔

الجزیرہ نے اپنے رپورٹر کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ دہشت گرد تنظیم نے حملے کے بعد کئی ویڈیوز بھی جاری کی ہیں، انہوں نے کہا کہ ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مرد، خواتین اور بچے خندوقوں کے اندر لیٹے ہوئے ہیں، جو یہاں خندقیں بنا رہے تھے لیکن وہ خود انہیں خندقوں میں دفن ہوگئے ہیں جبکہ زخمیوں کے علاج کے لئے کایا سے ڈاکٹروں، نرسز اور دیگر طبی عملے کو طلب کرلیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ برکینا فاسو میں دہشت گرد تنظیموں نے گزشتہ ایک دہائی کے دوران ہزاروں شہریوں کو نشانہ بنایا ہے اور 20 لاکھ سے زائد افراد بے گھر یا ہجرت کرچکے ہیں، رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ برکینا فاسو سرفہرست تھا جہاں بے گھر افراد پر توجہ ہی نہیں دی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق مسلح تنظیم کے حملوں میں گزشتہ برس 8 ہزار 400 سے زائد ہلاکتیں ہوئیں جو اس ایک برس کے مقابلے میں دوگنا تھیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں