سربیا کے وزیر سرمایہ کاری پر براہ راست نشریات کے دوران فالج کا حملہ

بلغراد: (ویب ڈیسک) سربیا کے وزیر سرمایہ کاری دارکو جلیسیچ کو پنک ٹی وی کے پروگرام میں براہ راست نشریات کے دوران فالج کا حملہ ہو گیا اور قوت گویائی چلی گئی۔

سرب میڈیا کے مطابق پروگرام کے دوران وزیر کو بولنے میں دشواری ہونے لگی اور ان کے چہرے کے دائیں جانب پر فالج کی علامات ظاہر ہوگئیں، اس پر طبی عملے کو فوری طور پر بلایا گیا اور انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔

سربیا کے وزیر صحت زلاتیبور لونچار نے اس بات کی تصدیق کی کہ جلیسیچ کو شدید فالج کا حملہ ہوا تھا اور ہسپتال پہنچنے پر ان کی حالت تشویشناک تھی، ان کی سرجری پیچیدہ تھی جس میں دماغ میں جمے ہوئے خون کے بہنے کے لیے علاج کیا گیا۔

سرب وزیر صحت کے مطابق اگلے 24 گھنٹے ان کی صحت یابی کا تعین کرنے میں فیصلہ کن ہوں گے۔

سربیا کے صدر الیگزینڈر ووچیچ نے ہسپتال میں جلیسیچ کی عیادت کی اور تصدیق کی کہ ان کی صحت بہتر ہو رہی ہے، وزیر سے بات کی ہے اور ہمیں ان کی حالت میں بہتری پر خوشی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں