امریکہ عالمی توانائی نظام اپنے مطابق ڈھالنے کی کوشش کر رہا ہے: ماریہ زخارروا
ماسکو: (شاہد گھمن) روسی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارروا نے کہا ہے کہ امریکہ اپنے اقتصادی مسائل حل کرنے کے لیے عالمی توانائی کے نظام کو اپنی ضروریات کے مطابق تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
روسی اخبار کو دیئے گئے انٹرویو میں ماریہ زخارروا نے کہا کہ امریکہ عالمی توانائی کے منظرنامے کو اس طرح ترتیب دینا چاہتا ہے کہ دیگر ممالک اس کے توانائی وسائل پر جسمانی طور پر بھی اور قیمتوں کے لحاظ سے بھی انحصار کریں۔
انہوں نے کہا کہ اس کی بنیادی وجہ امریکہ کی سنگین اقتصادی صورتحال اور اس پر موجود بہت بڑا قومی قرض ہے، جس کے باعث امریکی قیادت شدید دباؤ کا شکار ہے۔ ان کے مطابق امریکہ درحقیقت معاشی طور پر دیوالیہ پن کے قریب پہنچ چکا ہے۔
ماریہ زخارروا نے مزید کہا کہ واشنگٹن اپنے مسائل حل کرنے کے لیے ایسے طریقے اختیار کر رہا ہے جو بین الاقوامی قوانین کے دائرے سے باہر ہیں۔
انہوں نے الزام لگایا کہ کیف کی حکومت دراصل ان تمام اقدامات اور مہم جوئی کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ایک آلے کے طور پر استعمال ہو رہی ہے۔