اسرائیل کا غرور اس کیخلاف مقدمے میں ثبوت بنتا جا رہا: نیتن یاہو کے وزیر بھی پھٹ پڑے
تل ابیب: (دنیا نیوز) اسرائیل کے قومی سلامتی کے وزیر اتمار بن گویر نے کہا کہ اسرائیل کا غرور اس کے خلاف مقدمے میں ثبوت بنتا جا رہا ہے۔
اسرائیل کے قومی سلامتی کے وزیر اتمار بن گویر نے ویڈیو جاری کی جس میں اسرائیلی سکیورٹی اہلکاروں کو صمود فلوٹیلا کے کارکنوں کے ساتھ بدسلوکی کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
یہ کارکن اسرائیل کی غزہ پر ناکہ بندی توڑنے کی کوشش کر رہے تھے، اگرچہ یہ مناظر تشویشناک ہیں لیکن وہ ان لوگوں کے لئے حیران کن نہیں جو فلسطینی قیدیوں یا غیر ملکی کارکنوں اور امدادی اہلکاروں کے ساتھ اسرائیلی سلوک کا مشاہدہ کرتے رہے ہیں۔
مئی 2010 میں بھی ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا جب اسرائیلی کمانڈوز نے بین الاقوامی پانیوں میں غزہ جانے والے ایک امدادی قافلے کو روکا تھا اور جہاز پر موجود 9 کارکنوں کو مار دیا تھا، پوسٹ مارٹم رپورٹس کے مطابق ان افراد کو قریب سے گولیاں ماری گئی تھیں۔
الجزیرہ ٹی وی کے مطابق بن گویر کی حالیہ ویڈیو کسی انحراف کی علامت نہیں بلکہ یہ اسرائیلی فوجی رویئے کے وسیع تر تسلسل کی عکاسی کرتی ہے جس میں بدسلوکی، تذلیل اور انسانیت سوز سلوک شامل ہے۔