امریکا کا اسرائیل کے امدادی بحری قافلوں کے کارکنوں کیساتھ ناروا سلوک پر مبہم بیان جاری

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی محکمہ خارجہ نے غزہ جانے والے امدادی بحری قافلے کے کارکنوں کے ساتھ اسرائیلی فورسز کے ناروا سلوک پر مبہم بیان جاری کیا ہے، تاہم اسرائیلی رویے کی واضح مذمت نہیں کی گئی۔

محکمہ خارجہ کے عہدیدار نے الجزیرہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تمام زیر حراست افراد کے ساتھ انسانی ہمدردی پر مبنی سلوک کیا جانا چاہئے اور یہ سلوک بین الاقوامی قانون کے مطابق ہونا چاہئے۔

عہدیدار نے ایک بار پھر ان شہری کشتیوں کے قافلے کی مخالفت بھی دہرائی جو غزہ کی اسرائیلی ناکہ بندی توڑنے کی کوشش کر رہا ہے اور بغیر کسی ثبوت کے اسے حماس سے جوڑنے کی کوشش کی۔

عہدیدار نے کہا امریکا عالمی صمود فلوٹیلا کی مذمت کرتا ہے اور اس بات پر زور دیا کہ واشنگٹن قافلے کے منتظمین پر پابندیاں عائد کر چکا ہے۔

فلسطینی حقوق کے حامی کارکنوں نے امریکی پابندیوں کو مسترد کرتے ہوئے اسے اسرائیل پر تنقید کرنے والی آوازوں کو خاموش کرانے کی کوشش قرار دیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں