امریکی میزائل ذخیرہ اسرائیل کے دفاع میں آدھے سے زیادہ استعمال ہونے کا انکشاف
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی میزائل ذخیرہ اسرائیل کے دفاع میں آدھے سے زیادہ استعمال ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
واشنگٹن پوسٹ کی جانب سے دفاعی جائزوں کے حوالے سے رپورٹ کیا گیا ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ کے دوران اسرائیل کے دفاع میں مدد دیتے ہوئے امریکا نے اپنے جدید میزائل دفاعی نظام کا ایک بڑا حصہ استعمال کر لیا۔
رپورٹ کے مطابق امریکی افواج نے ایرانی بیلسٹک میزائلوں کو روکنے کے لئے 200 سے زائد تھاڈ انٹر سیپٹر میزائل فائر کئے جو پینٹاگون کے مجموعی ذخیرے کا نصف بنتے ہیں، اسی دوران اسرائیل نے اپنے دفاعی نظام کے استعمال میں نسبتاً کم انحصار کیا اور اپنے ذخائر کو بڑی حد تک محفوظ رکھا۔
واشنگٹن پوسٹ کے مطابق اسرائیلی افواج نے 100 سے کم ایرو انٹرسیپٹرز اور تقریباً 90 ڈیوڈز سلنگ میزائل استعمال کئے، اس کے برعکس امریکا نے فضائی دفاع کا زیادہ بوجھ اٹھایا اور آنے والے حملوں کو روکنے میں مرکزی کردار ادا کیا۔