امریکہ ایران معاہدے پر تنقید، جے ڈی وینس نے اسرائیلی حکومت کو آئینہ دکھا دیا
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے امریکہ ایران معاہدے پر تنقید کرنے والی اسرائیلی حکومت کو آئینہ دکھا دیا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے جے ڈی وینس نے کہا کہ نیتن یاہو کی کابینہ کے بعض ارکان نے ڈیل پر تنقید کی ہے بعض نے تو صدر ٹرمپ پر ذاتی حملے شروع کر دیے ہیں۔
انہوں نے باور کروایا کہ اسرائیل زیادہ تر ہتھیار واشنگٹن سے ہی لیتا ہے، اسرائیل کا صرف پچھلے 3 ماہ کے دوران تحفظ کرنے والے دو تہائی ہتھیار امریکیوں کے ہاتھوں تیار ہوئے تھے، ان ہتھیاروں کی قیمت امریکیوں کے ٹیکس سے ادا ہوئی۔
جے ڈی وینس نے کہا کہ اسرائیل میں کوئی بھی شخص جو یہ سمجھتا ہے کہ اس کا بڑا مسئلہ امریکی صدر ہے تو وہ خواب غفلت سے بیدار ہوں اور حقائق جانیں۔
اسرائیل کے سکیورٹی اور فنانس منسٹر کو کھری کھری سناتے ہوئے جے ڈی وینس نے کہا کہ آپ لوگ تشدد کا راستہ اختیار کر کے قومی سلامتی کے مسائل سے نمٹ نہیں سکتے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بھی امریکی نائب صدر نے لبنان پر اسرائیلی حملوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ شہری علاقوں پر حملے ناقابلِ قبول ہیں، اسرائیل کو امن معاہدے کا احترام کرنا ہوگا۔