چین یورپی یونین کیساتھ مذاکرات اور مشاورت کے ذریعے تجارتی حل کیلئے تیار

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین نے کہا ہے کہ یورپی یونین کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں رابطے کا عمل ہموار انداز میں جاری ہے۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق چینی وزارت تجارت کے ترجمان حہ یا دونگ نے یومیہ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ 9 جون کو چین کے نائب وزیر تجارت اور بین الاقوامی تجارتی مذاکرات کے نائب نمائندہ لنگ جی نے یورپی کمیشن کے ڈائریکٹوریٹ جنرل برائے تجارت و اقتصادی سلامتی کے ڈائریکٹر جنرل یورگنسن کے ساتھ مذاکرات کئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چین اور یورپی یونین کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری سے متعلق مشاورتی میکانزم کے مختلف امور پر جامع تبادلہ خیال کیا گیا اور آئندہ متوقع وزارتی سطح کے مذاکرات کی تیاریوں پر بھی گفتگو ہوئی۔

مذاکرات کے دوران یورپی یونین نے واضح کیا کہ وہ چین کے ساتھ تعمیری مکالمے کو مثبت انداز میں دیکھتی ہے۔

چینی ترجمان نے کہا کہ چین یورپی یونین کے ساتھ مذاکرات اور مشاورت کے ذریعے اختلافات کو مناسب انداز میں حل کرنے، تجارتی تنازعات کے حل اور عملی تعاون کو فروغ دینے کے لیے تیار ہے تاکہ چین اور یورپی یونین کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعلقات کی صحت مند، مستحکم اور پائیدار ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں