روس کا یوکرینی صدر کے آبائی علاقے پر میزائل حملہ، 18ہلاک

ماسکو (دنیا مانیٹرنگ) امریکا کی یوکرین جنگ خاتمے کی کوشوں کے باوجود روس اور یوکرین کے درمیان کشیدگی جاری ہے ۔۔
روس نے یوکرینی صدر زیلنسکی کے آبائی علاقے کریوی ری پر میزائل حملہ کر دیا، جس میں 18 افراد ہلاک ہوگئے ۔ یوکرینی حکام کے مطابق رہائشی عمارت پر روسی میزائل حملے میں ہلاک ہونے والوں میں 9 بچے بھی شامل ہیں۔ادھر روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ یوکرین پر گزشتہ روز میزائل حملے میں فوجی اجتماع کو نشانہ بنایا۔ یوکرینی فوج نے فوجی اجتماع کو نشانہ بنانے کے روسی دعوے کی تردید کردی۔ یوکرین نے ہفتہ کو روس کے علاقے سمارا میں جوابی ڈرون حملے کیے ، جن میں روسی اسلحہ ساز فیکٹری کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے ۔ یوکرینی حکام کا کہنا ہے کہ روس کے فوجی صنعتی کمپلیکس ، اسلحہ ذخائر پر ٹارگٹڈ حملے جاری ہیں۔