زکوٰۃ۔۔۔ منفرد اور بہترین نظام صدقات دوقسم کے ہیں ۔نفل صدقات اور فرض صدقات ، فرض صدقات سرفرسہت زکوٰۃ ہے
صدقات دوقسم کے ہیں۔نفل صدقات اور فرض صدقات،فرض صدقات میں سر فہرست زکوٰۃ ہے۔ اسلام کا معاشی نظام دنیا کے تمام نظاموں سے منفرد اور بہترین نظام ہے کہ اللہ کا عطاکردہ ہے اللہ اپنی مخلوق کا بھی خالق ہے
اور ان کی ضروریا ت کا بھی خالق ہے ان کی خواہشات و آرزوئوں کو بھی جانتا ہے اور ان کی تکمیل کے بھی وہ ذرائع صحیح ہیں جو اللہ کریم نے مقرر فرمائے ہیں ۔نفلی صدقہ مومن و غیرمسلم ہر ایک کو دیا جاسکتا ہے لیکن فرض صدقات صرف مسلمانوں کیلئے ہیں زکوٰ ۃ صرف مسلمانوں سے لی جائے گی کہ غیر مسلم پر زکوٰۃ بھی فرض نہیں مسلمانوں سے ہی لی جائے گی اور مسلمانوں کو ہی دی جائے گی۔جس کے پاس کوئی رقم جو 40 روپے سے زائد ہو اور1 سال تک اس کے پاس محفوظ رہے اس کی ضرورت میں استعمال نہ آئے تو اس میں سے اسے1 روپیہ زکوٰۃ کے لیے دینا فرض ہے۔ گویا100میں سے اڑھائی فیصد ٹیکس وہ ہے جو زائد ہے از ضرو ر ت رقم پر لگے گا اور غریب مسلمانوں پر ہی خرچ ہوگا۔ اس کے8 مصار ف ہیں جو خود اللہ کریم نے مقرر فرما دئیے۔وہ کسی کی تقسیم نہیں ہے اللہ کی اپنی تقسیم ہے حتیٰ کہ اللہ نے اسے انبیاء ؑپر بھی نہیں چھوڑا اپنی طرف سے ان کی تقسیم مقرر فرما دی اور یہ بہتر معاشی نظام ہے۔چونکہ اسلام ارتکازِ دولت کو پسند نہیں کرتا کہ کسی کی دولت ایک جگہ جمع ہوتی جائے ، امیر امیر تر ہوتے جائیں اور غریب غریب تر ہوتے جائیں۔دنیا کا سب سے بڑا معاشی مسئلہ بھی یہی ہے۔دنیامیں ایسے نظام موجودہیں کہ جس کے پاس پہلے دولت ہے وہ اور جمع کرتا جاتا ہے اور جو پہلے تہی دست ہے وہ اور غریب ہوتا چلا جاتا ہے۔یہ صرف اسلام ہے جس نے زکوٰۃ کا نظام دیا ہے جس کے سبب جوزائد از ضرورت دولت ہے وہ چالیس تیس برس میں واپس گردش میں آجاتی ہے۔ اگر اڑھائی فیصد ایک سال آئے گی تو 40 برسوں میں گویاوہ ساری واپس گردش میں آجاتی ہے۔اسی معاشرے میں گردش کرے گی پھر اس کے نفلی صدقات کی بہت ترغیب دی بہت سے گناہوں کا کفارہ نفلی صدقات کی صورت میں فرمایا اور بہت سی خطائوں سے تلافی کیلئے غلام آزاد کرنے کی ترغیب دی ۔ اسلام غلامی کے بھی خلاف ہے اور غلاموں کو آزاد کرنے پر اللہ کریم نے بڑے اجرکا وعدہ فرمایا ہے حتیٰ کہ غلاموں کو آزاد کرنے کیلئے ایک مد مصارفِ زکوٰۃ میں مقرر کی لیکن اس کااطلاق صرف مسلمان غلاموں پرہی ہو گا۔
زکوٰۃ کے مصارف:انما الصدقت للفقراء زکوٰۃ کا سب سے پہلا مصرف فقیر کی امداد ہے ۔ فقیر اسے کہتے ہیں جو بالکل تہی دست ہو۔جس کے پاس نہ گھر ہو نہ ٹھکانہ ،نہ روزگار ہو نہ کوئی ذریعہ معاش تو سب سے پہلا حق محتاجوں یعنی فقراء کا ہے۔
والمسکین اس کے بعد غریبوں کا حق ہے۔ اصطلاح قرآن میں غریب و مسکین وہ ہو گا جس کے پاس مکان،جھونپڑا یا ٹھکانہ گھر بھی ہے،کچھ مزدوری بھی کرتا ہے لیکن اس کی ضروریا ت پوری نہیں ہوتیں اتنی آمدن نہیں ہے کہ اپنی ضروریات آسانی سے پورا کرسکے تو وہ غرباء کے ضمن میں آئیگا وہ بھی مستحق ہے کہ زکوٰۃ سے اس کی مدد کی جائے۔
والعملین علیھات وہ لوگ ہیں جو زکوٰۃ جمع کرنے پر مقرر کیے جائیں گے اور جومقرر کیے جائیں ضروری نہیں کہ وہ فقیر ہوں یا محتاج ہوں کوئی بھی اس کام پر لگ سکتا ہے اس پر مفسرین و علماء نے بڑی بحث کی ہے۔ مفتی محمد شفیع ؒ نے ان مباحث کو معارف القرآن میں یکجا کردیا سب کا محاصل یہ ہے کہ عاملین کو زکوٰۃجمع کرنے پر تنخواہ نہیں دی جاتی۔ زکوٰ ۃ جمع کرنا توعبادت ہے ، عبادت پہ اجرت نہیں ہوتی لیکن ان کا وقت لیا جاتا ہے وہ اور کوئی اور کام نہیں کر سکتے،کاروبارنہیں کر سکتے ،مزدوری نہیں کر سکتے ۔ شب و روز اسی میں مصروف رہتے ہیں تو جو اجر ت انہیں دی جاتی ہے تو یہ ان کے اس وقت کی اجرت ہے جو ان سے لیا جاتا ہے۔اسی سے علماء نے آئمہ مساجد جو قرآن و حدیث پڑھاتے ہیں ان کی تنخواہوں کا جواز پیدا فرمایا ہے کہ قرآن پڑھانے، نماز پڑھانے کی اجرت بھی جائز نہیں ہے۔ خود امام پر بھی تو نماز فرض ہے اس نے بھی پڑھنی ہے دوسروں کو پڑھادی تو اور ثواب ہوگااس پر تنخواہ کس بات کی۔ علماء یہیں سے اخذ کرتے ہیں کہ اگر کسی کوپابند کر دیا جاتا ہے کہ اس نے پانچوں نمازیں یہیں پڑھنی ہیں جمعہ کا خطاب یہاں مسجد میںدینا ہے تو اس کا جو وقت لیا جاتا ہے اس وقت کی اجرت دی جاتی ہے عبادت کی اجرت نہیں ہے۔
والمولفۃ قلوبھم اور وہ لوگ جن کی تالیف قلب مقصود ہو۔کسی نے اسلام قبول کیا یا کوئی پہلے سے مسلمان ہے لیکن اتناکمزور ہے، اتنا غریب ہے کہ اس کی کمزوری کافائدہ اٹھا کر غیر مسلم اسے پریشان کرتے ہیں تو اس کی حوصلہ افزائی کیلئے اور اس کو محتاجی سے بچانے کیلئے فرض صدقات میں اللہ نے اس کا حق مقرر کردیا ہے کہ اسے بھی زکوٰۃ میں سے حصہ دیا جائے گا۔
وفی الرقابغلاموں کو آزاد کرانے کیلئے۔ اسلام نے غلاموںکی آزادی کیلئے نہ صرف فرض صدقات میں ان کا حصہ رکھا بلکہ غلاموں کی آزادی کی ترغیب دلانے کیلئے، گناہوں کے کفارے کے طورپر اور نیکی و ثواب حاصل کرنے کیلئے غلاموں کی آزادی کو ذریعہ قرار دیا حتیٰ کہ اگر کسی سے سہواً قتل ہوجائے تو اس کی سزا بھی غلام آزاد کرنا قرار دیا۔
والغرمینمقروض لوگوں کی مدد کی جائے مقروض یہ نہیں کہ بالکل فقیرو محتاج ہی ہو کوئی صاحب حیثیت بھی ہے لیکن اس کی حیثیت اتنی نہیں ہے کہ اپنے اخراجات پورے کرکے قرضہ بھی اتار سکے آمدن اتنی ہی ہے کہ اس کا گزارہ ہورہا ہے لیکن پیسے اتنے نہیںبچتے کہ وہ قرض اتار سکے تو وہ بھی اس کا مستحق ہے اس کا قرض اتارنے میں زکوٰۃ میں سے اس کی مدد کی جائے۔
و فی سبیل اللہ اور اللہ کی راہ۔فی سبیل اللہ سے مراد جہاد فی سبیل اللہ ہے۔ فی سبیل اللہ سے مراد ہے کہ معاشرے کا کوئی ایسا اصلاحی کام جس سے معاشرے کی دینی اعتبار سے اصلاح ہوتی ہو یاجہاں ملکی دفاع کی بات آ جائے یا کافروں سے مقابلہ آجائے۔
وابن السبیل مسافر زکوٰۃ کا مستحق ہے خواہ وہ اپنے گھر میں کتنا ہی امیر آدمی ہو لیکن اگر دوران سفر وہ بھی ضرورت مند ہوجائے تو وہ بھی مسکین ہے، محتاج ہے جیسے کسی نے اس کی جیب کاٹ لی، اس کا زادِ راہ ختم ہوگیا تو مسافرکی مدد بھی زکوٰۃ سے کی جاسکتی ہے۔
زکوٰۃ کے یہ8 مصارف ہیں ان کے علاوہ کسی جگہ زکوٰۃ کا پیسہ صرف نہیں ہو سکتا ۔ جن لوگوں کو اللہ نے صاحب نصاب بنایا ہے اور توفیق دی ہے جب وہ زکوٰۃ دیتے ہیں تو ان کو یہ دیکھ لینا چاہیے کہ وہ زکوٰۃ کہاں دے رہے ہیںاور کیا یہ زکوٰۃ کا مصرف ہے بھی یا نہیں۔ہم اگر دیتے بھی ہیں تو جان چھڑاتے ہیں کہ اتنے پیسے کسی کو پکڑا دئیے اس طرح نہیں کرنا چاہیے ، احتیاط چاہیے کہ جب تک وہ اپنے مصرف تک نہیں پہنچے گی دینے والے پر اسی طرح فرض رہے گی ۔ فرض تب ادا ہوگا جب زکوٰۃ اپنے مصرف تک پہنچ جائے گی یا کسی شخص کو آپ دیتے ہیں تو اس پر آپ کو اتنا اعتماد ہونا چاہیے کہ یہ شخص مصارف زکوٰۃ پر میری زکوٰۃ خرچ کرے گا۔