بڑی الائچی کے بڑے فائدے
نام کی بڑی لیکن دیکھنے میں چھوٹی سی چیز جسے بڑی الائچی کہا جاتا ہے پوری دنیا میں مشہور ہے۔اسے کھانوں کے ساتھ ساتھ صحت کے بیشتر مسائل حل کرنے کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔بڑی الائچی کے بے شمار فوائد ہیں۔اس کے دانے چبانے سے آپ کی بھوک میں اضافہ ہوتا ہے اور پیٹ صحیح رہتا ہے۔
بڑی الائچی کے تیل کی مالش سے ذہنی تنائو کم کرنے میں مدد ملتی ہے ۔یہ آپ کو ذہنی اور جسمانی تھکاوٹ میں بھی سکون دیتا ہے۔بڑی الائچی کا استعمال صحت کے لیے اور کس قدر مفید ہے اس بارے میں آپ کو تفصیل سے بتاتے ہیں۔
سانس کی تکلیف دور کرے: بہت سے افراد شاید اس بات سے واقف نہیں ہے کہ بڑی الائچی کے دانوں میں صحت کے بے شمار خزانے پوشیدہ ہیں۔جن میں سے ایک سانس کی بیماری کا علاج بھی ہے۔بڑی الائچی کے دانوں میں سانس کی تکلیف دور کرنے کی طاقت ہوتی ہے۔ استعمال کرنے کے لیے ایک بڑی الائچی کے دانے لے کر انہیں چبا لیں۔ اس سے سانس کی تکیف میں راحت ملے گی۔کسی بھی موسم میں نزلہ و زکام دور کرنے کے لیے بڑی الائچی کا قہوہ بنا کر پینے سے افاقہ ہوتا ہے۔
دانتوں کی تکلیف دور کرے: دانتوں کی مختلف بیماریوں میں آج کل بچے،بڑے سبھی مبتلا ہیں۔اس کی بڑی وجہ میٹھے کا حد سے زیادہ استعمال،بازاری مشروبات اور رات کو دانت صاف کر کے نہ سونا ہے،اور یہ بھی ہم سبھی جانتے ہیں کہ باقی بیماریوں کی نسبت دانتوں کا علاج قدرے مہنگاہوتا ہے۔ایسے میں آپ کو بتائے دیتے ہیں کہ بڑی الائچی کے دانوں میں ایسے جوسز موجود ہیں جو دانت کی تکلیف میں راحت دیتے ہیں۔اسے چبانے سے آپ کو دانتوں کے بیشتر مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔اس کے علاوہ بڑی الائچی کی مدد سے آپ منہ کی بد بو سے بھی نجات پا سکتے ہیں۔اس کا استعمال آپ کے مسوڑھوں کو بھی صحت مند رکھتا ہے۔
کینسر کے خلاف مدافعت: بڑی الائچی میں دو قسم کی اینٹی آکسیڈینٹس ہیں۔یہ اینٹی آکسیڈینٹس بڑی آنت کے کینسر،چھاتی کے کینسر،جگر کے کینسر اور رحم کے کینسر کے جراثیم سے لڑنے میں مدد دیتے ہیں۔یہ کینسر کے جراثیم کو پیدا ہونے سے روکتے ہیں۔اپنی غذا میں بڑی الائچی کا استعمال لازمی کریں تا کہ جسم میں کسی ان جراثیم کو پیدا ہونے سے روکا جا سکے۔
بالوں کے لیے مفید: دانتوں کی طرح بالوں کے مسائل میں بھی آج کل ہر عمر کے افراد مبتلا ہیں۔مرد،عورتیں اور بچے سبھی بالوں کی کمی،پتلے ہونے یا گرنے کی شکایت کرتے نظر آتے ہیں۔اس کی متعدد وجوہات ہیں۔بعض اوقات کوئی پُرانی بیماری،ریشہ ،جسمانی کمزوری یا خون کی کمی بھی اس کا سبب ہو سکتا ہے،لیکن وجہ چاہے کوئی بھی ہو بڑی الائچی آپ کے بالوں کو تیزی سے اُگانے اور مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔اس کا تیل آپ کی کھوپڑی کو صحت مند رکھتا ہے اور بالوں کو تیزی سے اُگاتا ہے۔یہ آپ کے بالوں کی جڑوں کو مضبوط بناتا ہے اور آپ کے بالوں کو لمبا اور گھنا بھی کرتا ہے۔
پیٹ کے مسائل کاحل: اس کے استعمال سے پیٹ کے کئی مسائل حل کیے جا سکتے ہیں۔بڑی الائچی کے اجزاء نظامِ ہاضمہ کو بہتر بناتے ہیں اور آنتوں کو بھی صحت مند رکھتے ہیں۔استعمال کرنے کے لیے ایک بڑی الائچی کے دانوں کو آدھ کپ دہی میں ملا کر کھانے سے پیٹ کے کئی مسائل حل ہونے میں مدد ملتی ہے۔
دل کے لیے بہترین: دل کی بیماریوں میں بھی ہمارے ہاں عوام کی بڑی تعداد مبتلا ہے۔اپنے دل کے نظام کو بہتر اور مضبوط بنانے کے لیے بڑی الائچی کا استعمال روزانہ کریں۔اس سے نہ صرف آپ کو دل مضبوط رہتا ہے بلکہ بلڈ پریشر بھی نارمل ہوتا ہے اور اس کے استعمال سے آپ کی رگوں میں خون نہیں جمتا۔