آج کا پکوان،چاکلیٹ سپیشل

کھیر، مٹھائی، زردہ اور رس ملائی پرانی ہوئی، آج کا زمانہ چاکلیٹ کا ہے، اس کی مدد سے لذیذ میٹھی سوغات تیار کی جاتی ہیں اور ہر قسم کی تقریب، موسم اور موقع پر انہیں پیش کیا جاتا ہے۔ یوں تو زیادہ میٹھا کھانا اچھا نہیں لیکن ’’چاکلیٹ‘‘ مفید غذا ہے۔ تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ صحت بخش چاکلیٹ وہ ہوتی ہے جس میں 70فیصد کوکو پائوڈر اور چینی کی تعداد کم سے کم ہو۔ چاکلیٹ میں قدرتی اینٹی آکسیڈنٹس کی بڑی مقدار شامل ہوتی ہے۔ بچے اوربڑے اسے شوق سے کھاتے ہیں۔ اسی مقصد کے تحت آج یہاں چاکلیٹ کی آسان ترکیب پیش کی جا رہی ہیں، امید ہے آپ ان کو آزمائیں گی۔
چاکلیٹ ٹرائفل
اجزاء: چاکلیٹ کیک مکس ایک پیکٹ، چاکلیٹ فلیورپڈنگ مکس دو پکیٹ، دودھ چار پیالی، وپ کریم ایک پیکٹ، سجانے کیلئے چاکلیٹ ٹافی چار عدد۔
ترکیب: سب سے پہلے کیک کا بیٹر تیار کریں اور اسے درمیانے سائز کے پین میں رکھ کر بیک کر لیں، بیک ہونے کے بعد اسے مکمل طور پر ٹھنڈا ہونے دیں۔ اب ایک بڑے پیالے میں پڈنگ مکس کو ٹھنڈے دودھ کے ساتھ ملائیں اور دو منٹ تک اچھی طرح پھینٹ لیں۔اب بیک کیا ہوا کیک آدھا انچ کے ٹکڑوں میں کاٹیں اور وپ کریم ایک علیحدہ پیالے میں نکال لیں۔
اب ٹرائفل کی تہہ سجانے کا مرحلہ ہے، درمیانے سائز کے پیالے میں سب سے پہلے بیک کئے ہوئے کیک کے چھوٹے ٹکڑے ڈالیں، اس کے اوپر سے دو چمچ پڈنگ مکس ڈالیں۔ اس کے بعد وپ کریم کی تہہ لگائیں اور اس کے اوپر ایک بار پھر کیک کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے رکھ دیں۔اب پڈنگ اور وپ کریم باری باری تہہ کی طرح لگائیں تاکہ ٹرائفل میں کیک، وپ کریم کی دو سے تین تہہ لگی نظر آنے لگیں۔سجاوٹ کیلئے چاکلیٹ ٹافی کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے چھڑک دیں۔ مزیدار چاکلیٹ ٹرائفل تیار ہے۔ ایک گھنٹہ فریج میں ٹھنڈا کرنے کے بعد نوش کیجئے۔
چاکلیٹ برائونی
اجزاء: میدہ 80گرام، مکھن 200گرام، انڈے 4 عدد، ملک چاکلیٹ 80گرام، پگھلی ہوئی چاکلیٹ 130گرام، آئسنگ شوگر 200گرام، کوکوپائوڈر 40گرام، بیکنگ پائوڈر آدھا چائے کا چمچ
ترکیب: ایک پیالے میں میدہ لیںاور اس میں مکھن ڈال کر ملا لیں۔اب اس میں انڈا ڈال کر دوبارہ ملائیں۔ ملک چاکلیٹ اور پگھلی ہوئی چاکلیٹ ڈال کر اچھی طرح ملانے کے بعد آئسنگ شوگر ، کوکو پائوڈر اور بیکنگ پائوڈر ڈال کر ملا ئیں۔ اب تیار کیا ہوا مرکب سانچے میں ڈال کر تقریباً 180ڈگری سینٹی گریڈ پر بیک کر لیں۔ بیک ہونے کے بعد برائونی کو درمیان سے کاٹیں اور اس پر چاکلیٹ کی تہہ لگائیں اور اپنے پسندیدہ پھل یا خشک میوہ جات چھڑک دیں۔ لذیذ اور ذائقہ دار چاکلیٹ برائونی تیار ہے۔
چاکلیٹ شیک
اجزاء: چاکلیٹ پائوڈر دو کھانے کے چمچ، دودھ ایک پیالی، ونیلا ایکسٹریکٹ ایک چائے کا چمچ، دار چینی سفوف ایک چٹکی، سجانے کیلئے کریم دو چمچ۔
ترکیب:اگرآپ چاکلیٹ شیک گرما گرم پینا پسند کرتی ہیں تو دودھ کو گرم کر کے بلینڈر میں ڈال دیں۔ اب چاکلیٹ شیک تیار کرنے کیلئے بتائے گئے تمام اجزاء بھی گرم دودھ کے ساتھ بلینڈر میں ڈال کر اچھی طرح بلینڈ کر لیں۔ ٹھنڈا چاکلیٹ شیک بنانے کیلئے تمام اجزاء کے ساتھ تھوڑی برف ملا کر بلینڈ کر لیں۔ مزیدار چاکلیٹ شیک تیار ہے۔ اسے تازہ پینا بہتر ہے۔