رہنمائے گھرداری

بازوئوں کی سانولی رنگت گھر سے باہر جا کر کام کرنے والی اکثر خواتین یہ شکوہ کرتی پائی جاتی ہیں کہ ان کے بازوئوں کی رنگت سانولی ہو جاتی ہے۔ ایسی خواتین کو سب سے پہلے تو یہ مشورہ دوں گی کہ اگر آپ کے بازو دھوپ کی وجہ سے کالے ہو رہے ہیں تو آپ باہر نکلتے وقت دستانے پہنا کریں۔ کوئی اچھا سن بلاک استعمال کرنا بھی ضروری ہے۔ اس کے علاوہ میں آپ کو ایک ابٹن بنانا بتا رہی ہوں، آپ وہ استعمال کریں، اللہ نے چاہا تو فرق پڑے گا۔
ابٹن بنانے کیلئے اجزاء: سفید موصلی ایک پیالی، رال سفید ایک پیالی، صندل پائوڈر ایک پیالی، خشک دودھ ایک پیالی، ترمس ایک پیالی، چاول کا آٹا ایک پیالی، ہلدی 4چمچ، ایلویرا جیل ایک پیالی۔ ان سب کو ملا کر استعمال کریں۔ آہستہ آہستہ فرق پڑے گا۔
گرتے بالوں کا حل
بچے کی پیدائش کے بعد سر کے بال گرنا خواتین میں عام ہے، کچھ خواتین کے بال تو اس قدر تیزی کے ساتھ گرتے ہیں کہ سر کی جلد نظر آنے لگتی ہے اور جو بال رہ جاتے ہیں وہ بھی بہت خشک اور روکھے ہو جاتے ہیں۔ نئے بال نکلتے بھی ہیں مگر اکثر خواتین میں بالوں کی گروتھ رک جاتی ہے۔
ایسی خواتین کو یہی کہوں گی کہ اپنی غذا کا خاص خیال رکھیں۔ پھل اور سبزیاں زیادہ کھائیں۔ ناریل کھائیں، ناریل کا پانی پئیں، خشک میوہ جات کا استعمال زیادہ کریں۔ میں آپ کو تیل بنانا بتا رہی ہوں، وہ بھی استعمال کریں۔
تیل تیار کرنے کا طریقہ: ادرک کا جوس دو چائے کے چمچ،Rosemary Essential oilکے چند قطرے،Garlic Essential oilکے چند قطرے، کیسٹر آئل تین چائے کے چمچ، ان سب کو ملا کر رات میں لگائیں۔ صبح اٹھ کر دھو لیں، ہفتے میں دوبار استعمال کریں۔