گولڈ میک اپ

میک اپ ٹرینڈ کی سب سے اچھی خوبی یہ ہوتی ہے کہ جلدی آتے ہیں اور جلدی چلے جاتے ہیں اور کسی ایک انداز کو ہمیشہ کیلئے اپنا لینے کی بیزاری سے بچت ہو جاتی ہے۔ ویسے نئے انداز اور فیشن کا تقاضا یہی ہے کہ آپ بھی ٹرینڈ کے ساتھ ساتھ میک اپ تکنیک بدلنے کی کوشش کرتی رہیں۔ اس طرح آپ کو تازگی کا احساس بھی ہوگا اور آپ ایک جیسے انداز اور میک اپ لک سے بیزار بھی نہ ہوں گی۔
میک اپ ٹرینڈ کی بات کی جائے تو بتاتے چلیں کہ آج کل گولڈ میک اپ بہت مقبول ہے۔ اسموکی میک اپ کے بعد اگر کسی انداز کو زبردست مقبولیت حاصل ہو رہی ہے تو وہ یہی انداز ہے۔ ایک سے بڑھ کر ایک گولڈ شیڈپیکٹ متعارف کروائی جا رہی ہے اور گہرے سے مدھم شیڈ تک ہر انداز پسندیدہ بن چکا ہے۔ اس لئے یہ ضروری ہے کہ آپ بھی گولڈ میک اپ کا ہنر سیکھ لیں۔
آیئے آپ کو گولڈ میک اپ لکُ اپنانے کا طریقہ بتاتے ہیں تاکہ آنے والی اہم تقریب میں آپ یہ منفرد انداز اپنائیں اور سب سے منفرد نظر آنے لگیں۔
پرائمر
سب سے پہلے آنکھوں پر پرائمر لگایئے، یہ بہت ضروری ہے۔ اس کی مدد سے میک اپ آنکھوں پر زیادہ دیر رہ سکے گا اور اس پر کریز بھی نہیں بنے گی۔
بیس شیڈ
کسی مدھم رنگ کو بیس شیڈ کے طور پر منتخب کیجئے اور ان کو بند آنکھوں کے اوپر لگایئے، اس بیس شیڈ کی مدد سے گولڈن لک آنکھوں پر اچھی طرح واضح ہو سکے گا خاص طور پر وہ لڑکیاں جن کی آنکھوں کے اوپر کی جلدی سیاہی یا کتھئی مائل ہے وہ بیس شیڈ کی مدد سے میک اپ کا اچھا آغاز کر سکیں گی۔
گولڈ آئی شیڈ
آج کل گولڈ شیڈز پر مشتمل آئی کٹ عام دستیاب ہیں ان میں گولڈن رنگ کے گہرے اور مدھم چمکدار اور میٹ رنگ موجود ہوتے ہیں، آپ اپنی پسند کے مطابق کوئی ایک شیڈ منتخب کیجئے اور اس کو بند آنکھوں کے درمیان لگا کر آنکھوں کی کریز سے ملایئے۔
برائون آئی شیڈ
گولڈن میک اپ کو منفرد انداز میں مکمل کرنے کیلئے یہ ضروری ہے کہ آپ آئی شیڈ میں برائون رنگ کا امتزاج بھی شامل کریں، برائون شیڈ کو آنکھوں کے کنارے پر لگا کر بلینڈ کیجئے۔
آئی لائنر اور کاجل
یہ آپ کی پسند پر مشتمل ہے، لیکوئیڈ، جیل یا پینسل آئی لائنر لگایئے اور کاجل سے گولڈن لک مکمل کر لیجئے۔
مسکارا
کسی بھی قسم کا آئی میک اپ، مسکارا کے بغیر ممکن نہیں۔ اس لیے میک اپ مکمل کرنے کے بعد اسے احتیاط سے لگایئے۔ سیاہ مسکارا میک اپ لک مکمل کر دے گا۔