رہنمائے گھرداری، سٹیل کے برتن چمکیں گے

ویسے تو پلاسٹک اور شیشے کے برتنوں کے آنے کے بعد خواتین کی ایک بڑی تعداد نے اسٹیل کے برتنوں کا استعمال کم کردیا ہے، تاہم اب بھی بیشتر گھروں میں اسٹیل کی دیگچی، ٹرے، پتیلے، کٹلری و دیگر اشیاء استعمال کی جا رہی ہیں۔ سٹیل کے برتن ویسے تو بہت پائیدار ہوتے ہیں۔
لیکن وقت کے ساتھ ساتھ ان کی چمک ماند پڑتی جاتی ہے اور آہستہ آہستہ یہ برتن اپنی اصلی چمک کھونے لگتے ہیں وہ خواتین جنہیں پتہ نہیں ہے کہ اسٹیل کے برتن کس طرح چمکائے جا سکتے ہیں، ان کیلئے یہ مضمون یقیناً بہت فائدہ مند ثابت ہوگا۔ یہ بات تو خواتین جانتی ہیں کہ سٹیل کے برتنوں کو مستقل استعمال کیا جائے تو ان میں لائنیں اور نشانات پڑنے لگتے ہیں۔ ویسے تو ان برتنوں کو چمکانے کیلئے مارکیٹ میں تیز کیمیکل والے ڈٹرجنٹس دستیاب ہیں، لیکن کوشش کریں کہ ان برتنوں پر قدرتی چیزوں کا استعمال کرتے ہوئے ہی انہیں چمکایا جائے۔
سرکہ: ہر قسم کا سرکہ سٹیل کے برتنوں کو نئی جان دے سکتا ہے، اس لئے اس کا استعمال کیا جائے تو زیادہ بہتر رہتا ہے۔ سرکے میںموجود ایسڈ کی وجہ سے اسے سٹیل کے برتنوں کو چمکانے کا بہترین کلیننگ ایجنٹ مانا جاتا ہے۔ کسی اسپرے بوتل میں سرکے کو بھر لیں، اس کے بعد اس کا برتنوں پر اسپرے کریں۔ تھوڑی دیر لگائے رکھیں، اس کے بعد اسے کسی کپڑے کی مدد سے رگڑتے ہوئے صاف کر لیں۔
بینکنگ سوڈا: بیکنگ سوڈا میں مناسب مقدار میں پانی ملائیں اور پیسٹ سا بنا لیں۔ اب اس پیسٹ کو ٹوتھ برش کی مدد سے برتنوں پر لگائیں اور رگڑیں پھر اسے10منٹ تک لگائے رکھیں، کسی گیلے کپڑے کی مدد سے اسے صاف کر لیں۔
تیل: ایسے برتن جن کی چمک ماند ہو گئی ہو اور جن پر خراشیں بہت زیادہ ہوں، ایسے برتنوں پر کسی کپڑے کی مدد سے تیل( سرسوں یا زیتون) لگائیں۔ پھر اسی کپڑے کی دوسری طرف سرکہ ڈال کر اسے بھی برتنوں پر لگائیں۔20منٹ تک لگائے رکھیں اور پھر دھو لیں۔
لیموں: لیموں کو اسٹیل کے برتنوں کو چمکانے اور خراشوں کو دور کرنے کیلئے بہترین مانا جاتا ہے۔ لیموں کے قاشوں کو پہلے اسٹیل کے برتنوں پر رگڑیں، کچھ دیر لگائے رکھیں، اس کے بعد اسے ہلکے گیلے کپڑے سے صاف کر لیں۔
ٹوتھ پیسٹ: ٹوتھ پیسٹ سٹیل کے برتنوں پر لگائیں، تھوڑی دیر بعد برتنوں کو گرم پانی میں بھگو دیں۔ ایک گھنٹے کیلئے اسی میں رہنے دیں، چونکہ اکثر ٹوتھ پیسٹ میں المونیم آکسائیڈ موجود ہوتا ہے اس لئے یہ برتن کی خراشوں کو دور کرنے میں مدد گار ثابت ہوتا ہے۔
ٹماٹو پیسٹ: یہ بھی دیکھا گیا ہے کہ اسٹیل کی دیگچی پتیلے، بیکنگ ٹرے وغیرہ آگ کی تپش کی وجہ سے خراب ہو جاتے ہیں، ان پر ایک کالی تہہ سی جم جاتی ہے۔ ایسے برتنوں پر ٹماٹو پیسٹ، لیموں، نمک اور پانی ملا کر ایک پیسٹ سا بنا لیں۔ اس پیسٹ کو ٹوتھ برش کی مدد سے برتنوں پر اچھی طرح لگائیں ایسے تھوڑی دیر تک ان جگہوں پر رگڑیں، جہاں جلنے کے نشانات یا کالی تہہ موجود ہے۔ اس کے بعد اسے لگائے رکھیں اور بعد میں ساے گیلے کپڑے کی مدد سے صاف کر لیں۔